پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی کمر میں تکلیف بڑھتی جارہی ہے اور ڈاکٹر نے انہیں نایاب نسل کےجانور کی یخنی پینے کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے شائع ہونے والے روزنامہ 92 نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر جو کہ آج کل کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہین، ریڑھ کی ہڈی کے سنگین مرض میں مبتلا ہیں۔
اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کمر کی تکلیف دور کرنے کے لیے کالے ہرن کے گوشت سے بنی یخنی استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے ، تاہم یہ نایاب نسل کا ہرن ہے اور پاکستان میں اس کے شکار پر پابندی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ایف آئی اے کے ایک افسر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ انہیں مطلوبہ جانور کا گوشت مہیا کریں گے۔
آصف علی زرداری کوسپائنل کارڈ اوردیگر طبی مسائل کا سامنا ہے،ان کی ریڑھ کی ہڈی کے مہرے L1،S4،S5 میں سنگین نوعیت کے مسائل کی تشخیص ہوئی ہے ،جسے طبی زبان میں سپانڈولوسس کہا جاتا ہے۔
کالے ہرن کی یخنی کے استعمال کی بات اخبار کو پیپلز پارٹی کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی ہے اور بول نیوز آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں کرپایا ہے۔
اس ضمن میں ایک قریبی ہمدرد ایف آئی اے افسر نے رضا کارانہ طورپر آئندہ چند روز میں کالے ہرن کاگوشت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
خیال رہے کہ ملک میں نایاب کالے ہرن کے شکار پر پابندی ہے اور اس پرجرمانہ اور سزا دونوں ہوسکتے ہیں۔ اس کے باوجود تحریک انصاف کے دھرنے کے زمانے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایک سیاسی ضیافت میں آصف زرداری کی کالے ہرن کے گوشت سمیت مختلف ڈشزسے تواضع کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News