
امریکا میں ایک بچے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے ہم عمر بچوں کو دوست بنانے کا خواہاں ہیں لیکن سب الٹا اس کا مذاق بناتے ہیں۔ اس بچے کی ویڈیو کے بعد نہ صرف اسے دوست ملے ہیں بلکہ اس کے لیے قائم ایک فنڈ میں 40 ہزار ڈالر کی رقم بھی جمع ہوگئی ہے۔
ٹیکساس کے شہر ایمریلو میں رہنے والے 12 سالہ شیڈن واکر کی ایک ویڈیو اس وقت لاکھوں افراد نے دیکھی ہے۔ یہ ویڈیو گھرکے باہر لگی گھنٹی کے ویڈیو کیمرے سے بنائی گئی ہے۔
شیڈن گھنٹی بجا کر کہتے ہیں کہ کیا آپ کے گھر میں کوئی میرا ہم عمر بچہ ہے جسے میں دوست بناسکوں ، تو اندر سے آواز آتی ہے کہ تمہارے سیدھے ہاتھ پر ایک گھر ہے جہاں دو بچے رہتے ہیں۔
تو اس پر شیڈن نے کہا کہ وہ اب میرے دوست نہیں کیونکہ وہ میرا مذاق اڑاتے ہیں اور مسلسل مجھے ستاتے رہتےہیں۔ یہ کہتے ہوئے وہ گویا افسردہ ہوجاتا ہے۔
شیڈن کو دوستوں کو اتنی چاہ ہے کہ وہ دوبارہ گھروالے سے پوچھتا ہے کہ آیا آپ کے گھر پر بچے ہیں ۔ اس پر اندر سے جواب آتا ہے کہ ہیں لیکن ان کی عمر صرف دوبرس ہے۔ اس پر دوستوں سے محروم شیڈن پرجوش انداز میں کہتا ہے کہ میں دو برس کے بچوں سے محبت کرتا ہوں۔ جہاں تک میں جانتا ہوں کہ وہ بہت پیارے ہوتے ہیں۔ اس پر اندر سے بچے کا نام بھی پوچھا جاتا ہے۔
اس گھر میں رے نامی خاندان رہتا ہے جس نے یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کردی جو چند روز میں ساڑھے چھ کروڑ کی تعداد میں دیکھی گئی اور بہت مشہور ہوئی ہے۔ اس کے بعد اہلِ خانہ نے بچے کے لیے گوفنڈمی پرایک مہم کا آغاز کیا جس میں اب تک 40 ہزار ڈالر جمع ہوچکے ہیں۔
شیڈن کی والدہ، کرشنا پیٹرسن نے بتایا کہ اس بچے کو اپنی جسامت اور معصومیت کی بنا پر انتہائی تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہاں تک کہ یہ ڈپریشن کا شکار ہوا اور ہسپتال میں داخل ہوا ہے۔
شیڈن نے بتایا کہ ہم عمر میرے دوست تو بن جاتے ہیں لیکن بعد میں وہ مجھ سے عجیب و غریب کام کراتے ہیں۔ اس کی والدہ کے مطابق اس کا دل شکستہ ہے اور خوداعتمادی کم ہوتی جارہی ہے۔
تاہم شیڈن کی ماں نے کہا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے لوگوں نے اس سے محبت کا اظہارکیا ہے اور اس کا اعتماد بڑھا ہے۔ اب گوفنڈمی پر رقم جمع کرنے کی مہم بند ہوچکی ہے کیونکہ بہت تیزی سے 40 ہزار ڈالر کا ہدف پورا ہوچکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News