
پرسنل ڈویلپمنٹ کیا ہے اور ہم اِس سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟
تحریر: انیتا یعقوب
پرسنل ڈویلپمنٹ ایک لائف ٹائم کام ہے جو کہ آپ کو اپنی شخصیت اورپروفیشن کو بہتربنانے کے لیے کرتے رہنا چاہئے۔ اس کے لیے کوئی ایک کورس یا کلاس کافی نہیں ہوتی بلکہ مستقل مزاجی کے ساتھ ہر دن کچھ نہ کچھ ایسا کرنا چاہئے جس سے ہمیں بھرپور اعتماد والی زندگی حاصل ہو اور کچھ نیا سیکھنے کو ملے۔
مصنف ڈیل کارنیگی اپنی کتاب ” how to win friends & influence people” میں لکھتے ہیں کہ آج کل لوگوں کو ایک دوسرے سے روابط قائم کرنے میں مشکل درپیش ہے، آج کل لوگ ایمان داری کے ساتھ دوسروں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے اور لوگوں کی مدد کرنے سے کتراتے ہیں۔ جس سے ان کی شخصیت اتنی متاثر کن نہیں ثابت ہوتی۔
دوسروں کا دل جیتنے کے لئے تعریف، ہمدردی، مالی اوراخلاقی مدد اوراُن کی غلطیوں پر مذمت اور تنقید کی بجائے حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہوتا ہے۔
پرسنل ڈویلپمنٹ میں یہ بات بہت ضروری ہے کہ ہم چیزوں کو آرگنائز کرنا سیکھیں۔ ٹائم مینیجمنٹ اور گول سیٹنگ کے ذریعہ اپنے آنے والے کل کو آج ہی سے منظم کریں، اپنے فارغ وقت کا بہترین استعمال کریں۔
یہ سب کرنا بہت مشکل لگتا ہے لیکن کامیاب لوگ ہر مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اپنی سوچ کو مسائل ہی میں نہ دھنسنے دیں، ایسا کرنے سے آپ کبھی grow نہیں کریں گے، آپ کی شخصیت کو چار چاند لگانے میں ایک ہاتھ شکرگزاری کا بھی ہے۔
شکر گزاری ایک ایسا جادو ہے جو آپ کو چند دنوں میں ہی معاشی پریشانی اور ڈپریشن سے نکال سکتا ہے، جس قدر آپ اپنی صحت اور معاشی حالات کے لئے شکر گزار ہوں گے اتنے ہی جادوئی انداز میں آپ کی صحت بہتر ہوگی اور معاشی بحران بھی کم ہوگا۔
زندگی کے سفرکو کامیاب بنانے کے لئے اسے با مقصد بنانا ضروری ہے اور بہت سے کام کرنے کے بجائے ہمیں چاہئے کہ کوئی ایک کام پر بھرپور توجہ دیں۔ پرسنل ڈویلپمنٹ میں جو چیزسب سے زیادہ اہم کردارادا کرتی ہے وہ آپ کے اپنے بارے میں خیالات اور احساسات ہیں اور یہ سوچ کہ آپ کیا کرسکتے ہیں اور کیا نہیں کرسکتے، آپ کی انفرادی، خاندانی، ازدواجی تعلقات، سماجی روابط اور پیشہ ورانہ معاملات سب آپ کو آپ کی سوچ کے اور خیالات کے تابع ہوتے ہیں۔
اگر آپ مستقل طور پر بہادری اور جرآت کے خیالات سوچیں گے تو آپ رفتہ رفتہ اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں گے۔ اس کے علاوہ آپ اپنے آپ سے عہد کریں کہ کسی کام کو کسی رکاوٹ کی وجہ سے نہیں چھوڑیں گے بلکہ اس کام کو جب تک جاری رکھیں گے جب تک اس میں کامیاب نہ ہوجائیں۔
یاد رکھیں کہ صرف پیسہ کمانا ہی کامیابی نہیں، ایسے بہت سے لوگ اس دنیا میں موجود ہیں جن کے پاس پیسہ ہے، جائیداد ہے، طاقت ہے، سماجی مقام و مرتبہ ہے لیکن وہ اپنی زندگی سے مطمئن نہیں، اصل کامیابی خوشی والی مطمئن زندگی ہے۔
اپنی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے لیے اپنی زندگی کو سادہ پرسکون اور خوبصورت بنائیں، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ایک اچھے انسان بنیں اوراچھا انسان بننے کے لئے ہمارے پاس ہمارے عظیم رول ماڈل آنحضرتﷺ ہیں۔ آپ ﷺ غریبوں، مسکینوں، یتیموں، کے ساتھ نرمی سے پیش آتے تھے۔
آپﷺ نے اپنے عمل کے ذریعہ بتایا کہ کس طرح زندگی کے تمام معاملات کو احسن طریقہ سے حل کرنا ہے۔ حضرت محمدﷺ تاریخ کی واحد ہستی ہیں جو مذہبی و دنیاوی دونوں محاذوں پر کامیاب رہے۔
آپﷺ ایک انتہائی مؤثر رہنما ثابت ہوئے اوراسی لیے آج کئی سال گزرنے کے باوجود بھی ان کے تمام فرمان مسلمانوں کے دلوں میں پیوست ہیں۔
آپﷺ کی حیات مبارکہ پورے عالم انسانیت کے لئے کامل نمونہ ہے، قرآن مجید خود گواہی دیتا ہے کہ آپﷺ اخلاق کے اعلی ترین مقام پر ہیں اس لئے اگر ہم چاہتے ہیں کہ اپنے آپ میں بہتری لائیں تو ہمیں چاہئے کہ نبی کریمﷺ کی ذات مقدس کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔
ایک اچھا انسان بننے کی سعی ہمیشہ کرتے رہیں۔ پرسنل ڈویلپمنٹ کا سارا خلاصہ اسی بات میں پوشیدہ ہے۔ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
فرشتہ سے بڑھ کر ہے انسان بننا
مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News