ملک میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران موٹر کاروں کی تیاری میں 70 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ملک میں موٹر کاریں بنانے والی کمپنیوں کی تنظیم پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشین (پاما) کے مطابق رواں مال سال کے ابتدائی 4 ماہ (یکم جولائی سے 30 اکتوبر) کے درمیان مجموعی طور پر 70 ہزار 952 گاڑیاں تیار کی گئیں جب کہ گزشتہ مال سال کے اسی دورانیے میں 43 ہزار 865 گاڑیاں تیار ہوئی تھیں، اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال گاڑیوں کی پیداوار کی شرح 70.86 فیصد زیادہ ہے۔
پاما کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ہونڈا کمپنی نے 10 ہزار 444 کاریں تیار کیں، کمپنی نے گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 8 ہزار 341 گاڑیاں تیار کی تھیں۔
ملک میں کار ساز کمپنیوں میں معتبر ترین کمپنی ٹویوٹا نے 9 ہزار 937 گاڑیاں تیار کیں، کمپنی نے گزشتہ سال اسی دورانیے میں صرف 4 ہزار 928 گاڑیاں تیار کی تھیں۔
دوسری جانب رواں مالی سال سوزوکی سوئیفٹ کی صرف 489 گاڑیاں تیار ہوئیں، جب کہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں 810 گاڑیاں بنائی گئی تھیں۔ سوزوکی سوئیفٹ کی پیداوار میں 39.62 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ دوسری جانب سوزوکی ہی کی کلٹس گاڑیوں کی تیاری میں عددی لحاظ سے بے پناہ اضافہ دیکھا گیا ہے، چار ماہ کے دوران 11 ہزار 454 کلٹس تیار ہوئیں جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 4 ہزار 79 تھی۔ اسی طرح سوزوکی ویگن آر کی پیداوار بھی 85 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 3 ہزار 658 سے بڑھ کر 6 ہزار 779 یونٹس پر پہنچ گئی۔
پاما کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ سوزوکی آلٹو تیار کی گئیں، 4 ماہ کے دوران سوزوکی آلٹو کے 20 ہزار 773 یونٹس تیار ہوئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 10 ہزار 544 تھی۔ اس طرح سوزوکی آلٹو کی فروخت میں 97 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
