ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.08 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 33 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹماٹر 0.24 فیصد، آلو 0.04 فیصد اور پیاز 0.04 فیصد سستی ہوئی جبکہ لہسن 0.04 فیصد، چکن 0.20 فیصد اور کیلے 0.03 فیصد مہنگے ہوئے۔
سیکرٹری خزانہ نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے جبکہ انڈوں کی قیمت میں گذشتہ 5 ہفتوں سے مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔
وزیر خزانہ نے سندھ میں دودھ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پرفوری اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران ملک میں گندم کے وافر ذخائر کی موجودگی پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا اور ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے قیمتوں میں استحکام اور دستیابی کے لیے چینی اور گندم کے ذخائر کو تقویت دینے کی بھی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ کمیٹی نے عالمی مارکیٹ کے مطابق مقامی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنانے اور یوٹیلیٹی اسٹورز کو روزانہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کےشرکاء کو سستے سہولت بازاروں پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر خزانہ نے قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
