کراچی چیمبر آف کامرس
کے سی سی آئی نے ڈالر کی قدر 186 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس (کے سی سی آئی) نے ڈالر کی قدر بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روپے کی قدر میں مزید کمی کو روکنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔
صدر کراچی چیمبر محمد ادریس نے کہا ہے کہ اشیائے صرف کی زائد قیمتیں عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اپنا کردار ادا کرے اور روپے کی قدر میں مزید کمی کو روکنے کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرے۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے کہ ڈالر 186 روپے سے تجاوز کر کے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے جس کا معیشت بالخصوص افراط زر پر گہرا منفی اثر پڑرہا ہے۔
محمد ادریس میمن کا کہنا ہے کہ ماہرین ڈالرز کی قدر میں اضافہ سیاسی غیر یقینی صورتحال کو قرار دے رہے ہیں لیکن اسٹیٹ بینک کو ریگولیٹر ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر یہ ڈوبتی معیشت کے لیے بے حد مسائل پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اور مالیاتی خسارے میں اضافے کی وجہ سے معیشت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھنے سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے برآمدی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات مسابقت کی صلاحیت کھوتی جارہی ہیں۔
محمد ادریس میمن نے کہا کہ مقامی مارکیٹوں میں عام آدمی کو بھی اشیاء کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافے کا سامنا ہے۔جی ڈی پی میں برآمدات کا حصہ تقریباً 10 فیصد ہے جبکہ باقی 90 فیصد مقامی تجارت اور درآمدات کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اب تو یہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے کے مؤثر طریقہ کار کے فقدان کی وجہ سے گھریلو استعمال کی تقریباً تمام اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے لہذا مہنگائی کے شکار اور پہلے سے بوجھ تلے عام آدمی کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے مہنگائی پر قابو پانا ہی ہو گا۔
محمد ادریس میمن نے کہا کہ روپے کی قدر میں شدید گراوٹ نے کاروباری لاگت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ اقتصادی بحران بشمول توانائی بحران، ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی اور تجارتی خسارہ بڑھنا وغیرہ معیشت کو ’نو ریٹرن‘ کی طرف دھکیل دے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
