
وفاقی حکومت کا بجٹ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں سرپلس میں چلا گیا
اسلام آباد: مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں وفاقی حکومت کی آمدنی زیادہ اوراخراجات کم رہے، جولائی تا ستمبر2024 میں آمدنی اخراجات سے 1696 ارب روپے زیادہ رہی۔
وزارت خزانہ نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی فسکل آپریشن رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اسٹیٹ بینک کا منافع 2500 ارب روپے رہا جب کہ سود کی ادائیگیوں میں کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر مجموعی محصولات کا حجم 5827 ارب روپے رہا، ٹیکس وصولیاں 2776 ارب روپے، نان ٹیکس آمدنی 3 ہزار 51 ارب روپے رہیں۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی تا ستمبرسود کی ادائیگیوں کاحجم 1306 ارب روپے رہا اور دفاعی اخراجات 410 ارب روپے رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی اخراجات 4131 ارب روپے رہے جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر مجموعی اخراجات 3 ہزار 666 ارب روپے رہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ مجموعی محصولات گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر 2686 ارب روپے تھے، گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر نان ٹیکس آمدنی 469 ارب روپے تھی جب کہ سود کی مد میں ادائیگی 1380 ارب روپے تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر دفاعی اخراجات 343 ارب روپے تھے جب کہ مجموعی بجٹ خسارہ 980 ارب روپے تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News