اسلام آباد: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی شراکت کاروں کو معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کی مناسبت سے فورم کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے مضمون میں پاکستان کی معاشی إصلاحات، معیشت کی بحالی اور مستقبل کے چلینجوں کا تفصیلی احاطہ کیا۔
وزیر خزانہ نے مضمون میں ’’پاکستان کی معاشی بحالی: پائیدار اور جامع ترقی کی طرف قدم‘‘ کے عنوان سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور پالیسیوں کو اجاگر کیا۔
محمد اورنگزیب نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور فارما جیسے ترجیحی صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات نافذ کرکے پائیدار اور مضبوط بنیاد رکھی، ہماری کاوشوں کے مثبت اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، ملکی معیشت میں آگے بڑھنے کی صلاحیت نمایاں ہے جب کہ حکومت کو ابتدا میں فسکل اور مانیٹری دباؤ کا سامنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ افراط زر، زرمبادلہ کے کم ذخائر اور قدرتی آفات جیسے مسائل درپیش تھے، حکومت نے ان مشکلات پر قابو پانے کی ضروری اصلاحات کیں۔ مضبوط مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے افراط زر پر قابو پایا گیا جب کہ توانائی اورمحصولات کے ڈھانچے میں جامع اصلاحات شروع کیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2028 تک پائیدار اور برآمدات پر مبنی 6 فیصد شرح نمو حاصل کی جائے گی، معیشت کے ترجیحی شعبوں میں زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی شامل ہیں۔ سرمایہ کاری کے حصول کے لئے عالمی بینک سے 20 ارب ڈالر امداد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی اور اہم چیلنجز سے نمٹا جائے گا، پاکستان موجودہ مالی سال میں 13 ٹریلین روپے محصولات جمع کرے گا جب کہ محصولات کا دائرہ زراعت اور ریئل اسٹیٹ جیسے شعبوں تک بڑھایا جارہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ پاکستان کی معیشت آج بحالی کی راہ پرگامزن ہے، افراط زر 4.1 فیصد تک گرگیا ہے جب کہ زرمبادلہ کے ذخائر 2 ماہ سے زیادہ کی درآمدات کے لئے کافی ہیں اور ملکی برآمدات میں 7.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
محمد اورنگزیب کہتے ہیں کہ آئی ٹی سیکٹر مصنوعات کی درآمدات میں 28 فیصد متاثرکن اضافہ ہوا، پاکستان کےعالمی ڈیفالٹ کے خطرے میں 93 فیصد کمی آئی ہے جب کہ کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل 3 مہینوں سے سرپلس ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد 2 سال کی بلند ترین سطح پرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 9 ارب ڈالر سے زائد رقوم حاصل ہوئیں۔ امسال ترسیلات زر 35 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی جب کہ ایکویٹی مارکیٹ نے ڈالر کے لحاظ سے87 فیصد منافع دیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ اہم کامیابیوں کے باوجود چیلنجز بدستور موجود ہیں اور معاشی تبدیلی کی بنیاد دور اندیش قیادت کی مرہون منت ہے، پاکستان نئی بلندیوں کو چھونے کے لئے تیار ہے جب کہ پاکستان عالمی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
