
ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی مکمل، 627 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تصدیق
اسلام آباد: او جی ڈی سی ایل نے ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرلی ہے جس میں 627 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تصدیق کی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرلی ہے جس کے تحت کمپنی 627 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق کمپنی کا اس 5.6 ارب ڈالر کے میگا پروجیکٹ میں 8.33 فیصد شیئر ہوگا۔
او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ریکوڈک منصوبے کے لیے فنانسنگ انتظامات کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اس منصوبے سے 13.1 ملین ٹن تانبہ اور 17.9 ملین اونس سونا حاصل ہونے کی توقع ہے جب کہ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ 2028 سے شروع ہوگا جس میں سالانہ 45 ملین ٹن پروسیسنگ کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق ریکوڈک کے پہلے مرحلے کی ترقی کے لیے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری منظور کی جاچکی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں 2034 سے پروسیسنگ کی صلاحیت 90 ملین ٹن سالانہ تک بڑھادی جائے گی۔
ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں او جی ڈی سی ایل کے شیئرز کی قدر میں 2.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ آئندہ 37 سالوں تک پاکستان میں تانبے اور سونے کی پیداوار میں نمایاں اضافے کا باعث بنے گا۔
واضح رہے کہ ریکوڈک پروجیکٹ میں او جی ڈی سی ایل کے ساتھ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل)، بیرک گولڈ اور حکومت بلوچستان بھی شراکت دار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News