
امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر ممکنہ اثرات پر تجزیاتی رپورٹ جاری
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر ممکنہ اثرات پر تجزیاتی رپورٹ جاری کردی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ترقی پذیر ایشیائی خطہ امریکی ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ترقی پذیر ایشیائی ممالک میں 29 فیصد ٹیرف کے ساتھ 14 واں بڑا ملک ہے۔ جنوبی ایشیا کے خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ٹیرف کے اثرات پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور بنگلادیش پر بھی نمایاں طور پر اثر انداز ہوں گے۔ سری لنکا کی مصنوعات پر 44 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے جب کہ بنگلادیش پر 37 فیصد ٹیرف لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت پر 26 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے جب کہ افغانستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان پر ٹیرف کی شرح 10 فیصد ہے۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ ترقی پذیر ایشیائی خطے میں سب سے زیادہ ٹیرف کمبوڈیا پر عائد کیا گیا ہے جہاں ٹیرف کی شرح 49 فیصد ہے جب کہ دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف والے 10 ممالک میں سے 5 کا تعلق ایشیا سے ہے۔
اس رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ توانائی کی مصنوعات اور ادویات پر اضافی امریکی ٹیرف لگنے کا خدشہ ہے جب کہ تانبہ، ادویات، سیمی کنڈکٹرز اور لکڑی کی اشیاء کو اضافی ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا مزید کہنا تھا کہ یہ اضافی ٹیرف پہلے سے عائد کردہ ٹیکس کے علاوہ ہوں گے اور ان کا مقصد امریکی تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News