
اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2025-26 کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اہم مذاکرات جاری ہیں جو آج (منگل) کو مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور پاکستانی معاشی ٹیم کے درمیان مشاورتی اختتامی سیشن آج شام کو متوقع ہے جس میں بجٹ سے متعلق اہم فیصلے طے پاسکتے ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ میں کمی کی جائے۔ اس کے علاوہ صنعتی شعبے پر ٹیکسوں کی شرح کم کرکے کاروباری لاگت میں کمی کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ میں اضافے، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی سے متعلق بھی اہم پیش رفت کا امکان ہے جب کہ ٹیکس و نان ٹیکس آمدن بڑھانے کی تفصیلات آئی ایم ایف سے شیئر کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بجٹ 2025-26 میں کسانوں کے لیے بڑے ریلیف کا امکان
مذاکرات کے دوران زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے فریم ورک پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے اور صوبوں کی آمدن بڑھانے سے متعلق پلان بھی آئی ایم ایف کو فراہم کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی وزیراعظم، صدر مملکت اور نائب وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ان مذاکرات کے مثبت نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان یہ مذاکرات گزشتہ پانچ روز سے اسلام آباد میں جاری ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ جون میں بھی آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات جاری رکھنے کا امکان ہے تاکہ بجٹ کے تمام نکات کو حتمی شکل دی جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News