اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سونے کی تجارت پر عائد پابندی ختم کردی ۔ معطل شدہ ایس آر او کو بحال کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
یہ منظوری وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں دی گئی ۔ ای سی سی نے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی برآمد و درآمد کے لیے موجودہ فریم ورک کو برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔
اجلاس نے درآمدی پالیسی میں پری شپمنٹ انسپیکشن کے نظام کو بہتر بنانے کی سفارشات کی منظوری دی۔
ساتھ ہی بیگیج و ٹرانسفر اسکیم کے تحت گاڑیوں کی درآمدی اسکیم سے متعلق تجاویز پر مزید مشاورت کے لیے ہدایت کی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے لیے 2.5 ارب روپے کی فراہمی کی منظوری دی۔
فرنٹیئر ورکز آرگنائزیشن کے اوور ڈرافٹ کلیئرنس کے لیے بھی رقم منظور کی گئی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے لیے الیکشن کمیشن کو 45 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ۔
پاکستان منٹ کالونی میں بجلی کے میٹرز کی تنصیب کے منصوبے کے لیے 11 کروڑ 21 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ۔
رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے پرزہ جات کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی شامل تھی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کے رجحانات اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
جس میں وزیرِ خزانہ نے قیمتوں کے استحکام اور عوام کی قوتِ خرید کے تحفظ پر زور دیا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
