چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد
سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ ہائی کورٹ نے معاملہ ٹرائل کورٹ کو ریمانڈ کیا تھا، کیا آپ ریمانڈ آرڈر سے متاثرہ ہیں؟ جس پر وکیل خواجہ حارث کیس ریمانڈ کرنا ہی تھا تو مقدمہ منتقل کرنے کی درخواستوں پر پہلے فیصلہ کیا جاتا۔
خواجہ حارث نے اپنے موقف میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ فوری چیلنج کیا تھا، ہماری درخواستوں پر ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کیے لیکن حکم امتناع نہیں دیا، درخواستوں پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں مداخلت کرنا مناسب نہیں ہوگا، ریمانڈ کی حد تک مقدمہ غیرموثر ہوچکا ہے، ہائی کورٹ کو مقدمہ منتقلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کا کہہ دیتے ہیں۔
یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ حکم نامہ میں لکھ دیتے ہیں کہ آپ درخواست واپس لے رہے ہیں، درخواست واپسی کے حکم نامہ میں ہائی کورٹ کو جلد فیصلے کی ہدایت کر دینگے۔
وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے مکمل انصاف کیلئے آرٹیکل 187 کا دائرہ اختیار استعمال کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست پر بھی حکم دیا جائے۔
وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ کو کل ہی سماعت کی ہدایت کرے، جس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ابھی تک مقدمہ قابل سماعت ہونے پر کوئی فیصلہ نہیں دیا۔
خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیان کیلئے طلب کر رکھا ہے، ٹرائل کورٹ کی کارروئی پر حکم امتناع دیا جائے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت مناسب نہیں ہوگی، مناسب ہوگا حکم امتناع کی استدعا ہائی کورٹ میں کی جائے، مقدمہ قابل سماعت ہونے کی درخواست بنیادی نوعیت کی ہے۔
سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ ٹرائل پر حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی اور کہا کہ مناسب ہوگا کہ حکم امتناع کی استدعا ہائی کورٹ کو کی جائے۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی تمام درخواستوں پر فیصلے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کا معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 4 جولائی 2023 کو ٹرائل کورٹ کو چیئرمین پی ٹی آٸی کو دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
