
اہم کیسز؛ آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں طلب
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت 3 نے سابق صدر آصف علی زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس میں طلب کر لیا ہے۔
احتساب عدالت نمبر 3 نے توشہ خانہ کیس میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو بھی طلب کر لیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 24 اکتوبر کے لئے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
عدالت نے آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
جعلی اکاؤنٹس کیس
یاد رہے کہ 2015 کے جعلی اکاؤنٹس اور فرضی لین دین کے مقدمے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فرالو تالپور اور ان کے کاروباری شراکت داروں سے تحقیقات شروع کی گئی تھی۔
7 ستمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق صدر مملکت اور ان کی بہن کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیے جانے کے مقدمے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔
اس جے آئی ٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فرالن تالپور سے پوچھ گچھ کی تھی جبکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو سے بھی معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آصف علی زرداری نے جے آئی ٹی کو بتایا تھا کہ 2008 سے وہ کسی کاروباری سرگرمی میں ملوث نہیں رہے اور صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے خود کو تمام کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں سے الگ کرلیا تھا۔
اس کے علاوہ 15 مارچ 2020 کو کراچی کی بینکنگ عدالت کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کی نیب کی درخواست منظور کی گئی تھی۔
جس کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے اس کیس میں نامزد آٹھوں ملزمان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کی تھی اور 9 اپریل کو احتساب عدالت نے باقاعدہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کا آغاز کیا تھا۔
بعدازاں گزشتہ برس 11 دسمبر کو سابق صدر آصف زرداری اور 17 دسمبر کو ان کی ہمشیرہ فرالم تالپور جبکہ رواں سال 27 فروری کو اومنی گروپ کے ڈائریکٹر عبدالمجید غنی کی ضمانت منظور کرلی گئی تھی۔
9 جون 2023 کو احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری، فرالل تالپور، حسین لوائی و دیگر کے خلاف چار ریفرنس نیب کو واپس بھجوائے تھے۔
توشہ خانہ کیس
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر توشہ خانہ کیس سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔
4 اکتوبر 2022 کو یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں ان کی اہلیت پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے 2008 میں توشہ خانہ سے 4 گاڑیاں لیں، جن میں سے 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دی گئیں، یوسف رضا گیلانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔
ریفرنس کے مطابق آصف زرداری نے ستمبر، اکتوبر 2008 میں متحدہ عرب امارات سے مسلح گاڑیاں (بی ایم ڈبلیو 750 لی ماڈل 2005، لیکسز جیپ ماڈل 2007) اور لیبیا سے (بی ایم ڈبلیو 760 لی ماڈل 2008) حاصل کی۔
ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ وہ فوری طور پر اس کی اطلاع دینے اور کابینہ ٖڈویژن کے توشہ خانہ میں جمع کروانے کے پابند تھے لیکن انہوں نے نہ تو گاڑیوں کے بارے میں مطلع کیا نہ ہی انہیں نکالا گیا۔
بعدازاں 21 دسمبر 2022 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے دائر توشہ خانہ ریفرنس عدالتی دائرہ اختیارہ نہ ہونے پر واپس بھیج دیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News