
عام انتخابات؛ افواجِ پاکستان کی تعیناتی سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئیں
عام انتخابات 2024 کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان کی تعیناتی سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئی ہیں۔
افواج پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت الیکشن 2024 کے انعقاد میں معاونت کریں گی، پاک فوج متعلقہ علاقوں میں تھرڈ ٹیر کے طور پر کوئیک ری ایکشن فورس جیسی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔
الیکشن کے دوران امن عامہ کی صورتحال کو بہتر رکھنے کی پہلی ذمہ داری پولیس کی ہے جبکہ سول آرمڈ فورسز جیسا کہ رینجرز اور فرانٹیئر کور دوسرے مرحلے میں سیکیورٹی کی ذمہ دار ہوں گی جبکہ آرمی تھرڈ ٹیر میں پولنگ کے جنرل علاقوں میں کسی بھی سیکیورٹی کی صورت حال سے نپٹنے کے لئے تعینات ہوگی۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 220، 245 (بشمول تمام شقوں اور ذیلی شقوں کے) اور اینٹی ٹیرارزم ایکٹ کے سیکشن 4 اور 5 (بشمول ترامیم) اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 193 کے ساتھ ساتھ سیکشن 5 کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گی۔
سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کا عملہ محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تعاون کرے گا تاکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرنگ آفیسر پریذائیڈنگ آفیسر اور پولنگ کا عملہ اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے انجام دے سکے جبکہ صرف سول آرمڈ فورسز بیلٹ پیپر کی چھپائی کے دوران پر نٹنگ پریس کی حفاظت پر مامور ہونگی۔
انتخابی سامان کی ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل، گنتی اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان کی واپس ریٹرنگ آفیسرز کے دفاتر تک منتقلی کے لیے سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔
الیکشن کے روز دفعہ 144 کے تحت ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی ہو گی جبکہ ہر آفیسر اور جے سی او الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت اپنے اختیارات کا بر وقت استعمال کریں گے۔
محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پولیس ٹئیر ون کی ذمہ دار، جبکہ سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان بالترتیب ٹئیر ٹو اور ٹئیر تھری درجے کی ذمہ دار ہونگی، تاہم سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر تک کی ترسیل کے دوران حفاظت پر مامور ہو نگی۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان پریذائیڈنگ آفیسر، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر یا پولنگ آفیسر کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گے اور منتخب کردہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے باہر فرائض سر انجام دیتے ہوئے خصوصی طور پر توجہ ماحول پر امن بنانے پر مرکوز رکھیں گے۔
سول آرمڈ فورسز لوگوں کی پولنگ اسٹیشن کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے جامہ تلاشی لیں جس سے اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی بھی شخص اپنے ساتھ کوئی ہتھیار یا دھماکہ خیز موادیا ممنوعہ چیز پولنگ اسٹیشن کے اندر نہ لے کر جاسکے۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان گنتی کے عمل میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گے بلکہ گنتی کے عمل کو مکمل کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشن کے باہر اپنی ڈیوٹی مستعدی کے ساتھ انجام دیں تا کہ گنتی کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہو۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان پولنگ اسٹیشن کے باہر کسی بھی بے ضابطگی، مسئلے یا بدانتظامی، جس کی وجہ سے امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہونے کی اطلاع پریذائیڈنگ آفیسر اور اپنے بالا کمانڈر کو دینے کے ساتھ ساتھ جاری کردہ ہدایات کے مطابق کام کریں گے۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان کسی بھی اہل ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے، ماسوائے ایسے اشخاص جن کے پاس ہتھیار یا دھماکہ خیز مواد یا ممنوعہ مواد پایا جائے یا وہ لوگ جو شر انگیزی پھیلانے یا ملکی مفاد/ سلامتی کے خلاف کوئی حرکت کرتے پائے جائیں گے۔
سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان پولنگ عملے کی ذمہ داریاں نہیں سنبھالیں گے جبکہ سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان اگر پولنگ اسٹیشن پر بے قاعدگی یا بدانتظامی جاری رہتی ہے تو سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان اپنے انچارج آفیسر کو فوری مطلع کریں تا کہ ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News