
آریان خان
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو عدالت سے ریلیف مل گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا ہونے والے آریان خان کو اب ہر جمعے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ممبئی دفتر میں پیش نہیں ہونا پڑے گا کیونکہ ممبئی ہائی کورٹ نے آریان کو ملنے والی ضمانت کی شرط کو ختم کر دیا ہے۔
عدالت کے مطابق جب بھی خصوصی تفتیشی ٹیم آریان خان کو طلب کرے گی تو انہیں خود کو دہلی میں پیش کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لئے 14 شرائط درج کی تھیں جس میں آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے تھے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا تھا۔
شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل تھا۔
اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا تھا۔
بعداذاں آریان خان کی جانب سے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں ضمانت کی اس شرط کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اپنی درخواست میں انہوں نے کہا تھا کہ اُنہیں ہر جمعے کو پیشی کے وقت میڈیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اُن کی اس شرط کو ختم کیا جائے اور آج عدالت نے آریان خان کو ملنے والی ضمانت کی 14 شرائط میں سے اس شرط کو ختم کردیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
تقریباً 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News