
بھارت کے معروف گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے قتل کے بعد اب سلمان خان کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کے قتل کے بعد گینگسٹر لارینس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو بھی موت کے گھاٹ اتارے جانے کا خدشہ ہے۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے گھر اور اُن کے گرد سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر کسی قسم کی کوئی مشکوک حرکت نہ ہو۔
یاد رہے کہ 2018ء میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارینس بشنوئی نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی مگر سلمان خان اس منصوبے سے بچ نکلے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گینگسٹر لارینس بشنوئی اور سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گولڈی برار کا گینگ کافی منظم اور متحرک ہیں، ان دونوں کے 700 سے زائد کارندے ہیں جو کہ راجستھان، ہماچل پردیش، پنجاب اور دیگر ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کے نتیجے میں ریاست پنجاب اور اترکھنڈ میں پولیس نے متعدد کارروائیوں کے دوران 8 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے اور تفتیش کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لارینس بشنوئی گینگ کے مطابق سدھو موسے والا نے اِن کے ایک کارندے کو قتل کروانے میں کردار ادا کیا تھا، یہ وجہ ہے کہ اُنہوں نے بدلے میں گلوکار کو قتل کیا۔
گلوکار کو قتل کرنے والا گولڈی برار ایک خطرناک دہشت گرد اور لارینس بشنوئی گینگ کا کارندہ ہے، گولڈی برار اور لارینس بشنوئی دونوں اس گینگ کے سربراہ ہیں جبکہ لارینس بشنوئی اس وقت بھارت کی بدنام زمانہ جیل ’تہاڑ‘ میں قید ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News