معروف اداکار ٹام کروز کی فلم ٹاپ گن: میورک نے ایک بار پھر باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔
ریلیز کے پندرہویں ہفتے میں ہی فلم 79 لاکھ امریکی ڈالر یعنی 1 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ براڈ پٹ کی ایک ماہ قبل ریلیز ہونے والی ایکشن تھرل فلم بُلٹ ٹرین 73 لاکھ ڈالر یعنی 1 ارب 60 کروڑ روپے کما کر دوسرے نمبر پر رہی ہے۔

اس سے قبل ٹام کروز کی شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔
ویسے تو اداکار شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹس کو خود سے کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں اور اسٹنٹ مین کا سہارا بھی نہیں لیتے جبکہ مشن امپاسبل سیریز کی فلموں نے ٹام کروز کے اسٹنٹس کو پوری دنیا میں مشہور کردیا۔


اس سیریز کی 7 ویں فلم تو 2023 میں ریلیز ہوگی مگر مشن امپاسبل 8 کی عکسبندی بھی برطانیہ میں جاری ہے۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کے نئے اسٹنٹ کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔

ان تصاویر میں لیک ڈسٹرکٹ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروزایک خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے پہاڑی سے چھلانگ لگانے کے بعد پیرا گلائیڈنگ کرتے ہوئے زمین پر اترے تھے۔
اداکار زمین پر اترنے کے بعد سین کو بہترین بنانے کے لیے ہیلی کاپٹر پر سوار ہوکر ایک بار پھر پہاڑی پر پہنچے اور اس اسٹنٹ کو دوبارہ دہرایا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب اداکار نے مشن امپاسبل 7 اور 8 کے لیے جان لیوا اسٹنٹ کیا، ستمبر 2021 میں ٹام کروز نے مشن امپاسبل 8 کے لیے گرتی ٹرین پر ایک اسٹنٹ کیا تھا۔
اس اسٹنٹ میں ٹرین کو ایک پہاڑی سے نیچے گرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اداکار اس پر سے پیرا شوٹ سے چھلانگ لگا کر اترے تھے جبکہ اسی فلم میں انہوں نے موٹر بائیک پر بیٹھ کر پہاڑی کے کنارے سے نیچے جمپ لگانے کا منظر عکسبند کیا تھا جو کہ انہوں نے خود کیا تھا۔
اداکار کا اس بارے میں کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا خطرناک ترین اسٹنٹ تھا اور ذرا سی غلطی بھاری پڑسکتی تھی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث مشن امپاسبل 7 اور 8 کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
مشن امپاسبل 7 کو ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 کا نام دیا گیا ہے جو 14 جولائی 2023 کو ریلیز ہوگی جبکہ اس کا دوسرا حصہ 28 جون 2024 کو ریلیز کیا جائے گا اور دونوں فلموں کی ہدایات کرسٹوفر میکوائر دیں گے۔
مشن امپاسبل 7 میں ٹام کروز کے ساتھ ان کی ٹیم میں شامل ربیکا فرگوسن، سائمن پیگ اور وائنگ رحمس کی بھی واپسی ہوگی جبکہ چند نئے کرداروں کو بھی متعارف کروایا جائے گا جبکہ مشن امپاسبل 7 کا پہلا ٹریلر مئی 2022 کو ریلیز ہوا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
