
بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے سدھو موسے والا قتل کیس میں پنجابی گلوکارہ افسانہ خان کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق افسانہ خان آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کی قریبی دوست اور منہ بولی بہن ہیں۔ انہیں نئی دہلی میں این آئی اے کی کاؤنٹر ٹیرر ٹاسک فورس کے ہیڈکوارٹرز طلب کیا گیا تھا جہاں ان سے سوالات کیے گئے۔
کاؤنٹر ٹیرر ٹاسک فورس کے اعلیٰ حکام کے قریبی ذرائع نے افسانہ خان کو شامل تفتیش کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ افسانہ خان کو ’بمبیہا‘ گینگ کے ساتھ تعلق کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا اور اسی حوالے سے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
بمبیہا گینگ اور سدھو موسے والا کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے والے بشنوئی گینگ کے درمیان دشمنی تھی۔
موسے والا کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ بھی بمبیہا گینگ کے قریب تھے اور ممکنہ طور پر یہی ان کے قتل کی وجہ بھی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسانہ خان سے مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ان سے پوچھا گیا کہ موسے والا لارنس بشنوئی گینگ کے ریڈار پر کیوں تھا؟
بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ این آئی اے کو افسانہ خان کے موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ این آئی اے کو شبہ ہے کہ افسانہ خان اور بمبیہا گینگ کے درمیان کوئی تعلق ہے۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موسے والا کے اہل خانہ کی طرف سے بھی پولیس کو افسانہ خان کے بارے میں شکایت کی گئی تھی اور مانسا پولیس کی طرف سے گلوکارہ کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس دیا گیا تھا تاہم وہ کہیں باہر ہونے کا بہانہ بنا کر فرار ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق موسے والا کے اہل خانہ کی طرف سے موسے والا کا گانا لیک ہونے کے حوالے سے افسانہ خان کے متعلق پولیس کو شکایت کی گئی تھی اور پولیس اسی حوالے سے افسانہ خان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News