
لیجنڈری اداکار قوی خان کے بیٹے عدنان قوی کا والد کے انتقال کے بعد پہلا پیغام جاری
پاکستان کے لیجنڈری اداکار قوی خان کے بیٹے عدنان قوی نے والد کے انتقال کے بعد پہلا پیغام جاری کر دیا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے لیجنڈری اداکار قوی خان کے بیٹے عدنان قوی نے والد کے انتقال کے بعد پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ آپ تمام لوگوں کے پیار کا بہت شکریہ۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد بہت خوش قسمت انسان تھے جنہیں آپ سب کا پیار ملا اور وہ بہت آرام سے اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار قوی خان کینڈا میں 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
نامور ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلم کے اداکار قوی خان کی طبعیت کئی دنوں سے ناساز تھی جس کی وجہ سے وہ کینڈا کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
قوی خان نے اپنی ناقابلِ فراموش اداکاری کے باعث صدارتی ایوارڈز تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
قوی خان کے شوبز کیریئر پر ایک نظر ڈالیں
قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری میں ہی ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔
1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو پہلے ڈرامے “نذرانہ ” میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرنے کا اعزاز بھی قوی خان کو حاصل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے معروف اداکار قوی خان انتقال کرگئے
اداکار قوی خان نے اپنی جاندار اداکاری سے بہت جلد انڈسٹری میں اپنا نام بنا لیا، انہوں نے لاتعداد ڈراموں میں مختلف کردار ادا کیے۔
ان کے معروف ڈراموں میں اندھیرا اجالا، فشار، لاہور گیٹ، مٹھی بھر، مٹی مٹی، بیٹیاں، سنڈریلا اور درشہوار شامل ہے۔
قوی خان نے 200 سے زائد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے اپنا خاص مقام بنایا، وہ پاکستان ٹیلی وژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
انڈسٹری میں اپنی لازوال خدمات کے عوض انہیں ستارہ امتیاز، لائف ٹائم ایچومینٹ ایوارڈ، 3 نگار ایوارڈز سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News