
بچوں کو گھر سے نکالنے کا الزام، نواز الدین صدیقی کا اہم بیان سامنے آگیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کا اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔
حال ہی میں بھارت کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ میری خاموشی کی وجہ سے مجھے ہر جگہ ایک برے آدمی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، میں اب تک اس لئے خاموش تھا کیونکہ یہ سب میرے بچے بھی پڑھ رہے ہیں ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ سوشل میڈیا، پریس اور میڈیا میں مجھے برا بناکر ہر کوئی اس کے مزے لے رہا ہے، لیکن میں اپنے موقف کے طور پر کچھ باتیں پیش کرنا چاہوں گا ‘۔
نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’ میں اور عالیہ کئی برسوں سے ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم پہلے ہی طلاق لے چکے ہیں صرف اپنے بچوں کی خاطر ایک دوسرے سے سمجھوتا کیا ‘۔
اداکار نے کہا کہ ’ کیا کسی کو اس بات کی پرواہ ہے یا کسی کو معلوم ہے کہ میرے بچے گزشتہ 45 دنوں سے اسکول کیوں نہیں جا رہے؟ جبکہ اسکول کی جانب سے مجھے روزانہ کی بنیاد پر خط لکھا جارہا ہے کہ بچوں کی چھٹیوں میں بہت دنوں کا اضافہ ہوگیا ہے ‘۔؎
انہوں نے کہا کہ ’ میرے بچوں کو گزشتہ 45 دنوں سے یرغمال بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ دبئی میں اپنے اسکول نہیں جا پا رہے تعلیم سے محروم ہیں ‘۔
نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’ عالیہ صدیقی نے پیسے مانگنے کی خاطر یہاں آنے سے 4 ماہ قبل ہی بچوں کو یرغمال بنا لیا تھا اور پیسوں کا مطالبہ کر رہی تھیں ‘۔
اداکار نے کہا کہ ’ عالیہ کو دبئی جانے سے قبل 4-5 لاکھ ماہانہ اور دبئی جانے کے بعد 10 لاکھ ماہانہ اخراجات کی مد میں ادا کیے جا رہے تھے، بچوں کی اسکول کی فیس، میڈیکل اور سفری اخراجات اس کے علاوہ ہیں ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ عالیہ صدیقی کی 3 فلموں پر بھی کڑوروں پیسے لگائے تاکہ ان کا مسلسل ذریعہ آمدنی بن سکے۔ انہیں مہنگی گاڑی دی تاکہ بچوں کو مسئلہ نہ ہو لیکن انہوں نے وہ بھی فروخت کرکے پیسے اپنے اوپر خرچ کر دیے ‘۔
نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’ بچوں کی خاطر ممبئی میں گھر خرید کر دیا اور دبئی میں بھی کرائے کا مکان لے کر دیا جس کے تمام اخراجات برداشت کررہا ہوں تاکہ یہ پُرتعش زندگی گزار سکیں لیکن انہیں مزید پیسہ چاہیے جس کے لیے عالیہ نے مجھ پر مختلف جھوٹے الزامات عائد کیے ‘۔
اداکار نے کہا کہ ’ میرے بچے دبئی سے جب بھی چھٹیوں پر ممبئی آتے ہیں تو اپنی دادی کے ساتھ رہتے ہیں، تو میں انہیں گھر سے کیوں نکالوں گا؟ اس دوران میں خود گھر میں نہیں تھا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ عالیہ نے اس وقت ویڈیو کیوں نہیں بنائی جب انہیں گھر سے نکالا جارہا تھا کیوں وہ دوسری چیزوں کی ویڈیو بنا کے شیئر کرتی رہیں؟
نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’ دنیا میں کوئی ماں باپ یہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ ان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں، ان کا مستقبل خراب ہو، ان کی ہمیشہ یہ ہی کوشش ہوگی کہ انہیں تمام تر سہولتیں میسر آئیں ‘۔
اداکار نے کہا کہ ’ آج میں جو کچھ کما رہا ہوں وہ میرے دونوں بچوں کے لیے ہے، مجھے شورہ اور یانی سے پیار ہے اور میں ان کی بھلائی اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی حد تک جاؤں گا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں نے اب تک تمام کیسز جیت لیے ہیں اور عدلیہ پر اپنا اعتماد برقرار رکھوں گا، ’محبت کسی کو روکنا نہیں، بلکہ صحیح سمت میں اڑنے دینا ہے‘۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News