
عائشہ ٹاکیہ کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج، اداکارہ نے خاموشی توڑ دی
بالی ووڈ سے دوری اختیار کرنے والی اداکارہ عائشہ ٹاکیہ نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گوا میں پولیس نے بالی ووڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کے شوہر فرحان اعظمی کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عائشہ کے شوہر اپنی ایس یو وی میں بیٹے کے ہمراہ جارہے تھے تاہم تیز رفتار سے گاڑی چلانے پر انہیں مقامی افراد نے روک لیا، جس پر فرحان اعظمی نے گوا پولیس سے مدد طلب کی، پولیس کے پہنچنے پر صورتحال پر قابو پایا گیا اور عائشہ ٹاکیہ کے شوہر کیخلاف ہنگامہ آرائی اور ڈرانے دھمکانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اپنے شوہر کے خلاف مقدمے کے اندراج پر عائشہ ٹاکیہ نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کو مہاراشٹر سے ہونے کی وجہ سے تعصب کا نشانہ بنایا گیا، میرے شوہر اور بیٹے کو غنڈوں نے کئی گھنٹوں تک ہراساں کیا اور انہیں دھمکیاں دیں، غنڈوں نے پولیس پر بھی حملہ کیا جسے میرے شوہر نے اپنی مدد کے لیے بلایا تھا۔
عائشہ ٹاکیہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے پولیس کو مدد کے لیے بلایا تھا لیکن ان کے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا گیا، گاڑی میں موجود میرے شوہر اور بیٹے کو گالیاں دی گئیں اور مہاراشٹر سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔
بالی ووڈ ادکارہ نے مزید کہا کہ ان کے پاس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ہیں جو وہ مناسب وقت پر متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کریں گی۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کافی عرصے سے فلم انڈسٹری سے دور ہیں تاہم سوشل میڈیا پر وہ اکثر سرگرم رہتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News