
پاکستان کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی اور حساس پیغام شیئر کیا، جو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
اداکارہ علیزے شاہ نے اپنے پیغام میں نہ صرف قربانی کی اسلامی اہمیت کو تسلیم کیا بلکہ اس کے ساتھ ہی جانوروں کے ساتھ انسانی سلوک پر بھی توجہ دلائی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی اسٹوری میں علیزے شاہ نے لکھا کہ کافی عرصے سے میرے دل میں یہ بات تھی، میں جانتی ہوں قربانی ایک سنت ہے، حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یادگار ہے لیکن کیا ہم اس کی اصل روح کو سمجھ پاتے ہیں؟
اداکارہ نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ قربانی کے عمل کو فخریہ نمائش یا تفریح کا ذریعہ بنانے کے بجائے عاجزی اور احترام سے انجام دینا چاہیے۔
علیزے شاہ نے کہا کہ خون آلود تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں، جانوروں کے خوف کو مذاق یا میمز کا موضوع نہ بنائیں اور جانوروں کے سائز و تعداد پر فخر کے بجائے شکرگزاری کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر سال سڑکوں پر بہتے خون اور جانوروں کی آنکھوں میں خوف دیکھتی ہوں، وہ بول نہیں سکتے، لیکن محسوس ضرور کرتے ہیں، کیا ہم ان کے جذبات کا احترام نہیں کر سکتے؟
علیزے شاہ نے واضح کیا کہ ان کا یہ پیغام کسی کے مذہبی عقیدے پر تنقید نہیں بلکہ ایک مؤدبانہ درخواست ہے، اسلام ہمیں رحم دلی، احساس اور نرمی کا درس دیتا ہے، کیا ہم قربانی کا عمل اسی روح اور جذبے کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں؟
انہوں نے آخر میں کہا کہ یہ میرا ذاتی نقطہ نظر ہے، آپ کو اس سے اختلاف ہو سکتا ہے، مگر میں نے وہ بات کہہ دی جو میرے دل پر بوجھ بنی ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے علیزے شاہ کے اس پیغام کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا، کچھ نے ان کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا جبکہ کچھ نے مذہبی روایات پر قائم رہنے کی بات کی، تاہم بیشتر صارفین نے ان کے مؤدبانہ انداز اور نرمی سے پیش کیے گئے جذبات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News