پنجابی فلموں کی دلکش اداکارہ نادرہ کو دنیا سے رخصت ہوئے آج 30 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
1968ء میں لاہور میں پیدا ہونے والی نادرہ نے صرف آٹھ برسوں کے مختصر مگر یادگار فلمی سفر میں درجنوں فلموں میں کام کیا، ان کے رقص اور اداکاری کو ہر فلم میں خوب سراہا گیا۔
نادرہ نے سلطان راہی، اظہار قاضی سمیت کئی ہیروز کے ساتھ کام کیا، مگر ان کی جوڑی اسماعیل شاہ کے ساتھ سب سے زیادہ پسند کی گئی۔
ہدایت کار یونس ملک نے 1986ء میں اپنی فلم “آخری جنگ” میں نادرہ کو متعارف کرایا، مگر پہلی ریلیز ہونے والی فلم “نشان” ان کی پہچان بن گئی، اداکارہ شمی کے بعد نادرہ وہ دوسری اداکارہ تھیں جنہوں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری میں اپنے نام سے بننے والی فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کیا۔
نادرہ نے اپنے وقت کی سپر اسٹارز صائمہ، انجمن اور نیلی کے درمیان اپنی الگ پہچان بنائی اور اداکاری کے اپنے منفرد انداز میں کامیاب رہیں، تاہم ان کی مقبول فلموں میں “لاہوری بدمعاش”، “گاڈ فادر”، “جوشیلے”، “محمد خان”، “شیر جنگ”، “یارانہ”، “ظلم دا سورج”، “دولت دے پجاری”، “جادوگرنی”، “ناچے ناگن”، “کمانڈو ایکشن”، “حکومت”، “تحفہ” اور “مس اللہ رکھی” شامل ہیں۔
1993ء میں نادرہ نے سونے کے تاجر ملک اعجاز حسین سے شادی کی اور شادی کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔
بدقسمتی سے نادرہ کی ابھی کئی فلموں کی نمائش ہونی تھی کہ 6 اگست 1995ء کو لاہور کے گلبرگ میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، تاہم وہ میانی صاحب قبرستان میں آرام فرما رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
