
صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیاہے، نیا کیس ضلع لکی مروت سے رپورٹ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا،جس کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی شرح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، اب تک ملک بھرمیں 72 پولیو کیسز رپو رٹ کیے جا چکے ہیں۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں 3 ماہ کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا،متاثرہ بچے کو حفاظتی ٹیکوں کی کوئی خوراک نہیں دی گئی تھی۔
ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ والدین گمراہ کن پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
واضح رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے اور یہ شرح سال 2015 سے بھی زیادہ ہے،صرف خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 53 ہوچکی ہے، 8 کیسز سندھ میں، 6 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں رپو رٹ کیے گئے۔
خیبر پختونخواہ میں پولیو کی بڑھتی شرح پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، اور کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عالمی ادارہ صحت بے تحاشہ پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں بھی توسیع کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News