
ننگے پاؤں چلنا اکثرمعیوب سمجھا جاتا ہے لیکن سائنسی نقطہ نگاہ سے یہ ایک صحت مند طرز عمل ہے جسے “ارتھنگ” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ بات سائنسی طور پر تحقیق شدہ ہے کہ ننگے پاؤں چلنے سے انسان صحت مند رہتا ہے جبکہ یہ امراض قلب کے خطرے کو کم کرنے ، اینٹی آکسیڈنٹ بڑھانے اور بلڈ پریشر کو بھی توازن میں رکھتا ہے۔
ارتھنگ کا مطلب یہ ہے کہ گھاس، مٹی یا ریت پر ننگے پاؤں چلاجائے یعنی کوئی بھی قدرتی سطح پر چہل قدمی کی جائے اس طرح زمین کی سطح پر موجود الیکٹران پیروں کے اعصاب سے رابطہ کر کے زمین کی توانائی کوجسم میں منتقل کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق صحت کے فوائد زمین اور ہمارے جسم میں الیکٹران کے درمیان تعلق سے آتے ہیں۔ زمین کا اپنا ایک قدرتی چارج ہے، اور جب ہم اس کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں تو ہم بہتر کام کرتے ہیں۔
زمین پر ننگے پاؤں چلنے فائدے درج ذیل ہیں۔
توانائی میں اضافہ
کسی بھی وقت جب آپ اپنا تعلق قدرت سے جوڑتے ہیں تو آپ فطرت سے خارج ہونے والی اعلی تعدد یعنی فریکوینسی کو حاصل کرتے ہیں، اس طرح یہ آپ کی توانائی کی سطح میں اضافہ کرتی ہے۔ دور جدید میں لوگ فطرت سے دور رہتے ہیں اور اس طرح صحت کے فوائد حاصل کرنے سے قاصر رہتے ہیں تو کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادی وقت فطرت کے قریب رہ کر گزاریں۔
بلڈ پریشر کو توازن میں رکھے
حالیہ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ننگے پاؤں چلنے سے پیروں کے اعصاب متحرک ہوتے ہیں۔ جو تناؤ کی سطح کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
چونکہ ذہنی تناؤ ارتھنگ یعنی ننگے پاؤں چلنے سے خارج ہوتا ہے، اس طرح یہ بلڈ پریشر کوتوازن میں رکھنے مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
زیادہ توازن
پیروں کے ذریعے زمین کو محسوس کرنے سے، دماغ کے ویسٹی بیولر یا توازن کا نظام بیدار ہونے لگتا ہے، اس طرح زیادہ توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے تو کوشش کریں کہ اپنے دماغ کو دوبارہ ترتیب دینے اور نئے اعصابی رابطوں کو متحرک کرنے کے لیے ننگے پاؤں چلنے کی عادت کو اپنائیں۔۔
خون کی گردش میں اضافہ
ننگے پاؤں چلنے سے نہ صرف آپ کے پیروں اور ٹانگوں کے ایسے عضلات جو طویل عرصے سے غیر فعال ہوتے ہیں بیدار ہونے لگتے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ یہ آپ کی ٹانگوں اور پیروں میں خون کے بہاؤ کو بڑھاتے ہیں تاکہ وہ چل سکیں۔ خون کے بہاؤ میں اضافہ کا مطلب ہے کم درد کم ٹھیس اٹھنا اورسردیوں میں پاؤں اور ٹانگوں کا گرم رہنا شامل ہے۔
دائمی درد میں کمی
ماہرین ادویات کے مطابق زمین میں موجود الیکٹران آپ کے جسم میں مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد کرسکتے ہیں۔ جبکہ اس بات کی تائید حالیہ تحقیق کے نتائج سے بھی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ننگے پاؤں چلنے سے نہ صرف قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ جسم میں آکسیجن کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے، اور اس طرح جسم میں شدید یا دائمی درد کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
صحت مند پاؤں
جب آپ ننگے پاؤں چلتے ہیں تو پاؤں کے اعصاب بھی جاگ جاتے ہیں اور یہی حرکت پاؤں کو صحت مند رکھنےاور انہیں مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتی
ہے۔
امراض قلب سے بچائے
جرنل آف آلٹرنیٹو اینڈ کمپلیمنٹری میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ننگے پاؤں چلنے سے خون کے سرخ خلیات کی سطح پر چارج بڑھ جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں خلیات میں کلمپنگ یعنی ان کے جمع ہونے کی صلاحیت کم ہو سکتی ہے، جو خون کے گاڑھا ہونے کا سبب بنتی ہے۔
خون جتنا گاڑھا ہوگا امرض قلب کا خطرہ اتنا ہی زیادہ ہوگا، لہذا پیدل چلنا آپ کے دل کی بیماری کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News