
دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد مختلف الرجی کے مسائل سے دوچار ہے کسی کو دھول مٹی سے الرجی ہے تو کسی کو خوشبو سے، غرض الرجی کسی بھی قسم کی ہو نزلہ زکام، چھینکیں آنے کا سبب بنتی ہیں، اگرآپ کا بھی تعلق ایسے ہی افراد سے تو پریشان ہونے کے بجائے کچھ غذائی عادات کو تبدیل کریں۔
کوئی بھی غذا الرجی کا تصدیق شدہ علاج نہیں ہے، لیکن سبزیاں اور پھل آپ کے جسم کو وہ تمام ضروری غذائیت فراہم کرتی ہیں جو آپ کو صحت مند رکھ کر موسمی الرجی سے بچا سکتی ہیں۔
یہاں پر ایسے ہی چند اینٹی الرجی سپر فوڈ کا ذکر کیا جارہا ہے جوالرجی کی علامات کو کم کر نے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
سیب
آپ سب یہ بات جانتے ہیں کہ روزانہ ایک سیب ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ الرجی سے بھی بچا سکتا ہے؟
سیب کوارسیٹین حاصل کرنے کے بہترین غذائی ذرائع میں سے ایک ہے، جو کہ ایک فلیونائیڈ ہے یہ الرجک رد عمل سے مؤثر طریقے سے حفاظت کرتا ہے۔ کوارسیٹین خلیوں کی سیل جھلیوں کو مستحکم کرکے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
لہسن
لہسن کو شفا بخش سپر فوڈ سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے بطور دوا استعمال کیا جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق یہ کینسر کی روک تھام اور علاج، دل کی صحت کو فروغ دینے اور ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بے حد موثر ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر لہسن کا استعمال الرجی کے رد عمل کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ الرجی پر لہسن کے فائدہ مند اثرات لہسن کی بعض خامروں کی سرگرمی کو روکنے کی صلاحیت کی وجہ سے ہیں جو سوزش کے تھرومبوکسینز اور پروسٹاگلینڈنز پیدا کرتے ہیں۔
شہد
شہد ایک بہترین غذا اور دوا ہے جسے آپ کی اینٹی الرجی خوراک کا حصہ ضرور ہونا چاہیے۔ ہر موسم میں 2 چھوٹے چمچ شہد کا استعمال الرجی کو دور رکھنے کا ایک اچھا گھریلو علاج ہے۔
اس کے علاوہ شہد میں کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس، میگنیشیم، رائبوفلاوین، تھامین، نیاسین، وٹامن بی 6 اور سیلینیم بھی پائے جاتے ہیں، جو آپ کی مجموعی صحت برقراررکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
سالمن مچھلی
سالمن ایک ٹھنڈے پانی کی مچھلی ہے جس میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں یہ فیٹی ایسڈ اندرونی سوزش کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اور اس وجہ سے یہ آپ کی الرجی کی علامات کو کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سالمن پھیپھڑوں کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہے۔
الرجی کے موسم میں ہفتے میں دو سے تین بار اس کا استعمال آپ کو الرجی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
آلو
میو کلینک کے مطابق، میٹھے آلو صرف صحت مند نشاستہ ہی نہیں ہیں، وہ آپ کی الرجی سے لڑنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں، ان میں بیٹا کیروٹین کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے۔
ہلدی
ہلدی صدیوں سے مصالحے اور دوا کے طور پر استعمال کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ اسے الرجی سے بچنے میں مدد دینے والا طاقتورترین ہتھیارتصور کیا جاتا ہے۔ ہلدی کو زرد رنگ دینے والا جز سرکیومن جو کہ ایک اینٹی سوزش اور ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو الرجی سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News