
نرم، کومل اور گلابی ہونٹوں کا حصول تب ہی ممکن ہے جب آپ ہونٹوں کی دیکھ بھال کے مناسب طریقوں کو اپناتے ہیں اگر آپ بھی اپنے ہونٹ کو خوبصورت بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سب سے پہلا اور ضروری عمل ایکسفولیئشن ہونا چاہئے۔
یہ بات تو سب ہی جاتے ہیں کہ ہونٹ کی جلد پر جمی گرد اور میل صاف کرنے کے لیے ایکسفولیئشن ایک بہترین اور موثر طریقہ ہے۔ یہ آپ کے ہونٹوں کو زیادہ نرم اور ملائم بناتا ہے، یہ خشک، کھردرے اور پھٹے ہوئے ہونٹوں کو ہموار کر کے قدرتی رنگت کو بحال کرتا ہے مزید برآں، ایکسفولیئشن ہونٹوں کے پگمنٹیشن سے نجات دلانے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ لیکن آپ کو اپنے ہونٹوں کے لیے بہترین ایکسفولییٹر تلاش کرنے کے لیے بازار سے مہنگے اور کیمیکل سے بھر پور اسکرب خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ باورچی خانے سے کچھ حیرت انگیز اجزاء استعمال کرتے ہوئے ایکسفولییٹر تیار کرسکتے ہیں۔
یہاں پر ہونٹ کی جلد کو مد نظر رکھتے ہوئے ماہرین کی جانب سے چند بہترین گریلو اسکرب بتائے جارہے ہیں جوآپ کے خشک اور پھیکے ہونٹ کو گلابی بنا دیں گے۔
کافی اور زیتون کا تیل
کافی ایک بہترین ایکسفولییٹر ہے کیونکہ یہ جلد پر جمی سخت تہہ کو نرمی سے نکالنے میں مدد دیتی ہے اور مسامات کو گہرائی سے صاف کرتی ہے۔ زیتون کے تیل کی موئسچرائزنگ خصوصیات ہونٹوں کی نشوونما اور انہیں نرم بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ ایک کھانے کا چمچ کافی میں ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل ملا کر اسے اچھی طرح مکس کریں۔ اس مکسچر کو اپنے ہونٹوں پر لگائیں اور 2 سے 3 منٹ کے لیے تک ایکسفولیئٹ کریں۔
شہد اور شکر
شہد اور چینی کا امتزاج آپ کے ہونٹوں کو ایکسفولیئٹ کرنے کے لیے بہترین ہے ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ چینی ملا کر اس مکسچر کو اپنے ہونٹوں پر استعمال کریں۔ اس مرکب کو آہستہ سے رگڑیں جب تک کہ چینی کے دانے پگھل نہ جائیں۔ شہد ہونٹوں کو نمی بخشتا ہے جب کہ چینی ہونٹوں کی خشک اور کھردری جلد کو صاف کرنے میں مدد کرتی ہے۔
چینی اور لیموں کا رس
چینی میں جلد کو چمکانے والی قدرتی خصوصیات ہوتی ہیں جو ہونٹوں کی رنگت یا ہونٹوں کی سیاہی کو دور کرنے کے لیے بہترین ہے۔ لیموں کا رس وٹامن سی سے بھر پور ہوتا ہے جو جلد کی رنگت نکھارنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ ایک کھانے کا چمچ چینی اور ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس لیں۔ اس اسکرب کو لے کر اپنے ہونٹوں پرچند منٹ کے لیے دائروں کی شکل میں مساج کریں۔ اس کے بعد لپ بام کا استعمال کریں۔
کوکو پاؤڈر اور بادام کا تیل
بادام کے تیل میں وٹامن ای پایا جاتا ہے جو ہونٹوں کی نمی کو برقرار رکھ کر انہیں نرم بناتا ہے کوکو پاؤڈر ایک بہترین نرم ایکسفولییٹر ہے جو ہونٹوں کو نرم اور خوشنما بناتا ہے۔ ایک کھانے کا چمچ کوکو پاؤڈرمیں ایک کھانے کا چمچ بادام کے تیل شامل کریں اچھی طرح مکس کریں اب اس اسکرب سے ہونٹوں پر چند منٹ تک مساج کریں۔
ناریل کا تیل اور گلابی نمک
ہمالیائی گلابی نمک خشک اور کھردرے ہونٹوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ ایک چائے کے چمچ گلابی نمک میں ایک کھانے کا چمچ ناریل کا تیل ملا کر مکس کریں۔ اس اسکرب کو بہت ہی نرمی سے ہوںٹوں پر لگائیں کیونکہ نمک قدرے سخت ہوتا ہے۔ ناریل کا تیل ہونٹوں کو گہرائی سے نمی بخشتا ہے اور انہیں نرم اور ملائم بناتا ہے۔
یہ گھریلو اسکرب نہ صرف استعمال میں آسان ہیں بلکہ انتہائی موثر بھی ہیں۔ لہذا، اپنے ہونٹوں کے کو مزید حسین بنانے کے لیے انہیں اپنے معمولات میں شامل رکھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News