
یہ پھل کھائیں صحت بڑھائیں جلد پرلگائیں حسین نظر آئیں
صحت مند رہنے کے لیے متوازن غذا نہایت ضروری ہے اور متوازن غذا میں سب سے زیادہ صحت بخش پھلوں کو قرار دیا جاتا ہے جن کا استعمال نہ صرف آپ کی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ چہرے پر ان کا استعمال جلد کو حسین اور جوان بنانے میں بھی مددفراہم کرتا ہے۔
صحت مند جلد کے لیے پھل اتنے اہم کیوں ہیں؟
جلد کی صحت کو برقراررکھنا آسان نہیں ہے۔ قطع نظر اس کے کہ آپ اس کی صحت و حفاظت کے لیے کتنی مصنوعات استعمال کرتے ہیں، آپ کی جلد تب ہی چمکنے لگے گی جب آپ اندر سے صحت مند ہوں گے۔ اسی لیے غذا کے ذریعے مناسب مقدار میں غذائی اجزاء حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔
غذائی اجزاء اور ضروری وٹامنز کا وافر ذریعہ پھل ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور پھل مہاسوں کے نشانات کو کم کرنے اور جلد کو نکھارنے کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں۔ بی وٹامن والے پھل آپ کی جلد کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ماہرین ہر موسم کے پھل کو غذا میں شامل رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ ان میں موجود غذائی اجزاء سے فائدہ حاصل کیا جاسکے۔
یہاں ان ہی پھلوں کا ذکر کیا جارہا ہے جنہیں غذا میں شامل رکھنے کے ساتھ چہرے پر لگانے سے جلد کو حسین اور جواں بنایا جاسکتا ہے۔
نارنگی
یہ موسم سرما کا سب سے صحت بخش پھل ہے جس میں جلد دوست وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہے چمکدار جلد کے لیے وٹامن سی کا روزانہ استعمال لازمی ہے۔ نارنگی میں موجود قدرتی تیل جلد کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے، جس سے یہ ہموارنظرآتی ہے۔
وٹامن سی کولیجن کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے بہتر تصور کیا جاتا ہے ساتھ یہ جلد کی لچک کو برقرار رکھ کر عمر رسیدگی کے اثرات کو کم کرتا ہے۔
وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور، نارنگی جسم میں فری ریڈیکلز سے لڑنے اور ڈی این اے کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صحت مند چمکتی جلد کے لیے کافی اسکرب گھر پر تیار کریں
استعمال کرنے کا طریقہ
روزانہ ایک نارنگی کو غذا میں شامل رکھیں یا اس کا رس استعمال کریں۔ جبکہ اسے سلاد اور اسمودی میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
چہرے کے دھبوں کے لیے
نارنگی کے رس کو متاثرہ جگہ پر لگائیں۔
چکنی جلد کے لیے
3 کھانے کے چمچ نارنگی کا رس، 1 چائے کا چمچ لیموں کا رس، چٹکی بھر ہلدی اور 2 کھانے کے چمچ بیسن۔ ان تمام اجزاء کو اچھی طرح ملائیں اور چہرے پر لگا کر خشک ہونے یا 15 منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔
خشک جلد کے لیے
3 کھانے کے چمچ نارنگی کا رس، ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس، آدھا چائے کا چمچ دودھ، ایک چٹکی ہلدی اور ایک چائے کا چمچ شہد۔ ان تمام اجزاء کو آپس میں ملاکر جلد پر لگائیں اور 10 سے 15 منٹ بعد پانی سے دھولیں۔
پپیتا
پپیتا ایک نہایت ہی صحت بخش پھل ہے جو قدرتی طور پر موئسچرائزنگ ایجنٹ کا کام کرتا ہے جب اسے چہرے پر لگایا جاتا ہے تو یہ آپ کی جلد کو ہائیڈریٹڈ اور نرم رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
وٹامن اے، سی اور بی سے بھرپور یہ پھل جلد کی صحت کو برقرار رکھنے میں کارگرثابت ہوسکتا ہے۔ پپیتا آپ کے نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے اور قبض کو دور کرتا ہے اس طرح جلد کو صاف کرنے میں مدد ملتی ہے۔
استعمال کرنے کا طریقہ
صبح ناشتے میں ایک پیالی پپیتا ضرورکھائیں۔ جبکہ پپیتے کو فروٹ چاٹ میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
چکنی جلد کے لیے
پپیتے کے کچھ ٹکڑوں کو ایک پیالے میں میش کریں اور انہیں اپنی جلد پر لگائیں۔ اسے 10 منٹ تک لگا رہنے دیں پھر پانی سے دھولیں۔
داغ دھبوں کو کم کرنے کے لیے
پپیتے کوتھوڑی سی مقدارکو میش کریں، لیموں کا رس چند قطرے اورایک چٹکی ہلدی۔ ان تمام اجزاء کو اچھی طرح مکس کر کے متاثرہ جگہ پر لگائیں اور 10 منٹ بعد دھو لیں۔
خشک جلد کو موئسچرائز کرنا
آدھا چائے کا چمچ بادام کے تیل میں میش شدہ پپیتا ملا کر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔ 10 منٹ بعد دھو لیں۔
پپیتا اسکرب
میش پپیتا کو 1 چائے کا چمچ نارنگی کے چھلکے کے ساتھ ملائیں۔ اگر آپ کی چکنی جلد ہے تو اس میں ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب شامل کریں۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے تو شہد استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کو ملا کر چہرے پر لگائیں اور چند منٹ بعد دھولیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News