
کچھ افراد کو بہت زیادہ پسینہ کیوں آتا ہے؟ وجوہات جانیے
پسینہ تو سبھی کو آتا ہے لیکن کچھ افراد میں اس کا اخراج معمول سے زیادہ ہوتا ہے تو کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
عموماً ہر وقت پسینے کا اخراج کوئی خاص بڑا طبی مسئلہ نہیں ہوتا مگر اس سے روزمرہ کی زندگی ضرور متاثر ہو سکتی ہے۔
تو اب سوال یہ ہے کہ آخر کچھ افراد کو بہت زیادہ پسینہ کیوں آتا ہے؟ تو اس کا جواب سادہ نہیں بلکہ مختلف چیزوں کو دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
بہت زیادہ پسینے کے اخراج کی 2 اقسام ہوتی ہیں، ایک پرائمری hyperhidrosis جس کی کوئی واضح طبی وجہ نہیں ہوتی۔
دوسری قسم سیکنڈری hyperhidrosis ہے، جو کسی بیماری جیسے ذیابیطس، ہارمونز میں آنے والی تبدیلیوں یا ادویات کے استعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔
اس مسئلے کی چند وجوہات کی تفصیل درج ذیل ہے۔
پرائمری hyperhidrosis
اگر آپ کو کوئی بیماری نہیں اور پھر بھی بہت زیادہ پسینے کا اخراج ہو رہا ہے تو اسے پرائمری hyperhidrosis کہا جاتا ہے۔
اس کے شکار افراد کے بغلوں، چہرے، ہتھیلی اور ایڑی جیسے حصوں میں بہت زیادہ پسینہ بہتا ہے۔
یہ کوئی پریشان کرنے والا مسئلہ نہیں ہوتا، البتہ روزمرہ کی زندگی ضرور متاثر ہو سکتی ہے۔
ہارمونز میں تبدیلیاں
درمیانی عمر کی خواتین میں جب ایسٹروجن نامی ہارمون کی سطح کم ہوتی ہے تو دماغ کے اس حصے کے لیے کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے جو درجہ حرارت کو کنٹرول کرتا ہے۔
اس کے نتیجے میں خواتین کو بہت زیادہ پسینے کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ دماغ کو سمجھ نہیں آتا ہے کہ جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔
ذیابیطس
ذیابیطس کے مریضوں کے جسم سے رات کو بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب بلڈ شوگر کی سطح گھٹ جائے۔
کوئی بیماری
تپ دق (ٹی بی)، دل کے ورم اور ہڈیوں کے انفیکشن جیسے امراض کے باعث بھی بہت زیادہ پسینہ بہنے لگتا ہے۔
مخصوص ادویات
سکون آور ادویات، ذیابیطس کی ادویات اور ہارمون تھراپی سمیت متعدد اقسام کی ادویات کے استعمال سے سیکنڈری hyperhidrosis کا سامنا ہوتا ہے۔
دیگر طبی وجوہات
متعدد دیگر مسائل کے باعث جسم بہت زیادہ مقدار میں پسینہ خارج کرنے لگتا ہے جیسے انزائٹی، ہارٹ اٹیک، آٹو امیون امراض، خون کے کینسر، تھائی رائیڈ کے امراض، ایچ آئی وی اور ایڈز وغیرہ ان میں نمایاں ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News