
رات میں کیے جانے والے یہ 6 کام، جو آپ کے اگلے دن کو خوشگوار بنا سکتے ہیں
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ہر صبح خوشگوار ہو اور ہر نیا دن آپ کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہے تو اس کے لیے بہت زیادہ محنت یا پیسوں کی ضرورت نہیں ہے بلکہ رات میں کے جانے والے چند آسان سے کام آپ کی اگلی صبح کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، نئے دن سے پہلے رات ہی وہ کلید جو اگلے دن کو بہتر بنا سکتی ہے، یہاں پر ان 6 کاموں کا ذکر کیا جارہا ہے جسے آپ رات میں کریں گے مگر اس کا اثر آپ کو اگلے دن میں دکھائی دے گا۔
رات کھانے کے بعد چہل قدمی
رات کھانے کے بعد کی جانے والی چہل قدمی محض موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی صحت کے لیے بھی بے حد فادیت رکھتی ہے۔
برطانیہ میں مقیم ایک ماہر نفسیات لی چیمبرزکا کہنا ہےکہ وہ ہر شام سیر کے لیے جاتے ہیں اور اس طرح ایک تھکا دینے والے دن بھر کے معمولات سے الجھے ہوئے ذہن کو سکون ملتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ چہل قدمی سے دماغ میں خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے، اور یہ ذہنی صفائی مصروف دماغ کے سکون کا باعث بنتی ہے اور جس سے نیند بھی بہتر ہوتی ہے۔
رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی سے خون میں شکر کی سطح کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ جبکہ متعدد تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ روزانہ فطرت یعنی سرسبز مقامات میں کچھ وقت گزارنا آپ کے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد کر سکتا ہے۔
فون کو دوسرے کمرے میں چارج کریں
اگر آپ اپنے فون کو اپنی الارم گھڑی کے طور پر استعمال کرتے ہیں، تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ اپنے فون کو اپنے سونے کے کمرے سے باہر چارج کریں تاکہ اس سے پرسکون نیند میں مدد مل سکے۔
ییل یونیورسٹی کی سائیکالوجی کی پروفیسر لاری سینٹوس کا کہنا ہے کہ سونے سے تقریباً 30 منٹ پہلے تمام اسکرینوں کو بند کر دیں، اور ان آلات کو بستر سے دور رکھیں، تاکہ آپ رات میں چیک نہ کر سکیں اور کوشش کریں کہ موبائل کی جگہ الارم والی گھڑی کمرے میں رکھیں۔
اسکرین سے دور رہنے کی وجہ یہ ہے کہ ان سے خارج ہونے والی بلیو لائٹ آپ کی سرکیڈین تال میں خلل کا سبب بن سکتی ہے جو آپ کے سونے اور جاگنے اوقات کو طے کررتی ہے۔
گرم شاور لینا
ماہرین کا کہنا ہے کہ شام میں شاور لینا اگلے دن کو خوشگوار بنانے میں واقعی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ شام میں نیم گرم پانی سے نہانا ڈپریشن میں مبتلا افراد میں مزاج کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے ساتھ ہی یہ بے خوابی کی شکایت کرنے والے افراد کی نیند کو بہتر بنانے اور قلبی نظام کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ شام کو نہانے سے نیند بھی بہتر ہوتی ہے کیونکہ شاور آپ کے بنیادی جسمانی درجہ حرارت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اپنے جسم سے آگاہ رہیں
یہ باڈی اسکین ایک ایسا طریقہ ہے جسے آپ شام میں کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف وسکونسن میڈیسن سنٹر فار ہیلتھی مائنڈز کے ریسرچ سائنسدان کورٹ لینڈ ڈہل کا کہنا ہے کہ روزانہ شام میں اپنے جسم کے ہر حصے پر توجہ دیں، اس کا کا آغاز سر سے کریں اور آہستہ آہستہ نیچے کی طرف بڑھتے جائیں یہاں تک آپ پیروں کی انگلیوں تک پہنچ جائیں، اس دوران جو احساسات آپ اپنے جسم میں محسوس کریں اس پر دھیان دیں۔ یہ تکنیک آپ کے دن بھر کے تناؤ کو دور کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ ساتھ ہی آپ سانس کی مشق بھی کر سکتے ہیں جو آپ کو مزید آرام فراہم کرے گی۔
دن بھر میں مکمل کیے جانے والے کاموں کے بارے میں سوچیں
ماہرین کی بڑی تعداد کا یہ کہنا ہے کہ دن بھر کے کاموں پر غور کرنا خوشی سے نیند میں لے جانے کا ایک بہترین طریقہ ہو سکتا ہے۔ دن بھر جتنے بھی کام کیے چاہے وہ تحریری ہو، کسی نئے کام کی جانب اٹھایا گیا پہلا قدم ہو اسی طرح چیلنجوں پر قابو پانے یا مکمل کیے جانے والے کاموں کو نوٹ کریں، چاہے وہ کتنے ہی چھوٹے کیوں نہ ہو یہ اگلی صبح مثبت سوچ کے ساتھ بیدار ہونے میں مدد دیتے ہیں۔
لکھیں جس کے لیے آپ شکر گزار ہیں
ماہرین ہر روز تین چیزیں لکھنے کا مشورہ دیتے ہیں، جن کے لیے آپ ہر دن کے اختتام پر شکر گزار ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی، ڈیوس کے پروفیسر رابرٹ ایمونز کے مطابق، یہ چیزیں بڑی یا چھوٹی ہو سکتی ہیں، لیکن ان نعمتوں کا شمار کرنے سےآپ کی فلاح و بہبود میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
اگر آپ ہر شام اس بات پر غور کرنے میں کچھ منٹ صرف کرتے ہیں کہ آپ کے پاس کیا کچھ موجود ہے اور ان چیزوں کے لیے آپ شکر گزار ہیں، تو ایسی صورت میں آپ کا تناؤ کم ہوگا اور آپ بہتر اور پر سکون نیند سو سکیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News