
غصہ آپ کی زندگی کو کم کرسکتا ہے، تحقیق
یہ بات ہم ہمیشہ سے ہی جانتے ہیں کہ غصہ صحت کے لیے برا ہے تاہم حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق غصہ دل اور خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا کر موت کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق جب لوگوں کو کسی بھی برے رویہ یا کسی یاد پر غصہ آتا ہے تو ان کے خون کی شریانوں کی اندرونی سطح کے خلیات ٹھیک طرح سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ اگر کوئی بھی شخص ہر وقت غصے میں رہتا ہے تو ایسی صورت میں اس کی خون کی شریانوں کو دائمی نقصان پہچ رہا ہے۔
ان خلیوں کو پہنچنے والا نقصان خون کے بہاؤ میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے، جس سے دل پر دباؤ بڑھتا ہے اس طرح دل کا دورہ پڑنے یا فالج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور یہ حالت اگر طویل عرصے تک قائم رہے تو یہ امراض قلب کی وجہ بن سکتی ہے۔
جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محققین کا کہنا ہے کہ بے چینی اور اداسی صحت کو غصے کی طرح نقصان نہیں پہنچاتی۔
اس تحقیق کے مصنف پروفیسر ڈائیچی شمبو کے مطابق بہت سے مطالعات سے بات سامنے آئی ہے کہ منفی جذبات کے احساسات اور امرض قلب کے درمیان تعلق موجود ہے۔
غصے اور دل کے درمیان تعلق کو جاننے کے لیے ایک تحقیق کی گئی جس میں 280 شرکاء کو آٹھ منٹ کی ذاتی نوعیت کی گفتگو یا کچھ پڑھنے میں مشغول ہونے کو کہا گیا جس سے ان شرکاء میں مختلف جذباتی کیفیتیں پیدا ہوئی جیسے غصہ، اداسی، اضطراب یا شرکاء کسی بھی طرح کے جذباتی احساسات سے عاری رہے۔ سائنسدانوں نے ہر کام کے بعد شرکاء کی خون کی شریانوں میں موجود خلیات کا تجزیہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان جذباتی کاموں کا ان پر کیا اثر ہوا۔
محققین نے نوٹ کیا کہ غصے کی وجہ سے ان کی خون کی نالیوں کے پھیلاؤ میں 40 منٹ تک خلل پیدا ہوا۔یہ خلل ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ ان نتائج کے مطابق ذہنی تندرستی قلبی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امراض قلب برطانیہ میں سب سے زیادہ اموات کا سبب بنے والے امراض میں سر فہرست ہے۔ تقریباً سات ملین سے زیادہ برطانوی امراض قلب میں مبتلا ہیں، اور ہر سال امراض قلب کے لیے 100,000 سے زیادہ اور فالج کے لیے مزید 100,000 افراد اسپتال داخل ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے غصے کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مشق کی جائے تاکہ مستقبل میں غصے سے ہونے والے دل کے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔ جبکہ دل کو صحت مند رکھنے کے بہترین طریقوں میں متوازن غذا لینا، صحت مند وزن کو برقرار رکھنا، باقاعدگی سے ورزش کرنا،سگریٹ نوشی سے پرہیز اور غصے سے دور رہنا ضروری ہے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News