
امراض قلب سے بچنا چاہتے ہیں تو اس ڈیوائس سے دور رہیں
ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل فون کا باقاعدہ استعمال دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے، تاہم محققین کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والوں اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے یہ خاص طور پر زیادہ خطرناک ہے۔
یہ نتائج کینیڈین جرنل آف کارڈیالوجی میں شائع ہوئے ہیں، اس تحقیق کے مطابق موبائل فون کے استعمال سے نیند پر مضراثرات مرتب ہوتے ہیں اور ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے اور یہی عوامل اس خطرے میں اضافہ کرتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ دور جدید میں موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے عوام کی صحت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جو امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس تحقیق کے مرکزی مصنف، ڈاکٹر شیانہوئی قن جو کہ نانفانگ ہسپتال کے شعبہ نفروالوجی میں پروفیسر ہیں کا کہنا ہے کہ موبائل فون ریڈیو فریکوئنسی الیکٹرو میگنیٹک فیلڈز خارج کرتے ہیں، جو جسم کے پیچیدہ نظام جیسے دل اور خون کی نالیوں کو متاثر کرتے ہیں، اور یہ نظام جسم کے اسٹریس کے ردعمل کو کنٹرول کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ تحقیق امراض قلب سے بچاؤ کے لیے موبائل فون کا استعمال کم کرنے پر زور دیتی ہے۔
قن نے مزید کہا کہ موبائل فون استعمال کرنے والوں کے لیے، نیند اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ امراض قلب دنیا بھر میں اموات اور معذوری کی بڑی وجوہات ہیں۔ 1990 سے 2019 کے درمیان عالمی سطح پر یہ بیماری 271 ملین سے بڑھ کر 523 ملین افراد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ حالیہ دہائیوں میں موبائل فون کے سبسکرپشنز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور 2020 تک یہ تعداد 8.2 ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس تحقیق میں، محققین نے 444,027 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جنہوں نے 2006 سے 2010 تک اپنے موبائل فون کے استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ تحقیق میں ہفتے بھر میں کم از کم ایک کال کوموبائل فون کا باقاعدہ استعمال قراردیا گیا۔
تحقیق کے مطابق، جو لوگ موبائل فون زیادہ دیر تک استعمال کرتے ہیں ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس میں دل کا دورہ، فالج اور دل کی دیگرامراض شامل ہیں۔
تاہم ایک ماہر کا کہنا ہے کہ موبائل فونز سماجی تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں اور طرز زندگی کے رویوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں، جو دل کی بیماریوں سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News