
اخروٹ کھانے کا ایک اور حیرت انگیز فائدہ سامنے آگیا
امریکہ میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اخروٹ کھانے سے کینسر جیسے موذی مرض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف کنیکٹیکٹ اسکول آف میڈیسن امریکہ میں کی جانے والی ایک کلینیکل تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اخروٹ کھانے سے بڑی آنت کی صحت بہتر ہوتی ہے اخروٹ جسم میں سوزش کو کم کرتے ہیں اور بڑی آنت کے کینسر کے خطرے کو گھٹاتے ہیں۔
اخروٹ میں “ایلاجیٹیننز” (Ellagitannins) پائے جاتے ہیں، یہ پولی فینول پودوں سے حاصل ہونے والے ایسے مرکبات ہیں جو اینٹی اکسیڈینٹ کا کام کرتے ہیں۔
پولی فینول کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ آنتوں کے خرد حیاتیاتی نظام (gut microbiome) کے ذریعے “یورولیتھنز” (Urolithins) میں تبدیل ہوجاتے ہیں، جو کہ ایک طاقتور سوزش کش اثرات رکھتے ہیں اس طرح یہ کینسر کو روکنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
اس تحقیق میں 40 سے 65 سال کی عمر کے 39 ایسے افراد شامل کیے گئے جنہیں بڑی آنت کے کینسر کا کے خطرہ تھا، اور ان سے جو غذا وہ کھاتے تھے ان کے متعلق سوالنامے پر کروائے گئے۔
تحقیق کے آغاز سے پہلے تمام شرکاء سے ایک ہفتے تک تمام ایلاجیٹیننز پر مشتمل غذاؤں اور مشروبات سے پرہیز کرنے کو کہا گیا تاکہ یورولیتھن کی سطح کو صفر یا اس کے قریب لایا جا سکے۔ اس کے بعد انہیں تین ہفتے تک ایلاجیٹیننز سے بھرپور اخروٹ دیے گئے۔ تحقیق کے اختتام پر تمام شرکاء کا ہائی ڈیفینیشن کولونواسکوپی کے ذریعے معائنہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا اخروٹ کے مختلف رنگ اس کی غذائیت کو متاثر کرتے ہیں؟
نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ جن مریضوں کو اخروٹ دیے گئے تھے ان کے پیشاب میں یورولیتھن اے کی سطح زیادہ ہونے کے ساتھ ایک خاص پروٹین بھی زیادہ تھا جس کا تعلق بڑی آنت کے کینسر کی روک تھام سے ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اخروٹ میں موجود ایلاجیٹیننز کو خوراک میں شامل کر کے کینسر سے بچا جا سکتا ہے، اخروٹ کے بے شمار فوائد ہیں، اس لیے روزانہ مٹھی بھر اخروٹ کھانا طویل مدت تک صحت مند رکھنےکا آسان اور مفید طریقہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News