ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے لیے ملک کا اجتماعی مفاد، ذاتی مفادات سے بالاتر ہے جبکہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور انقلاب کی ضرورت ہے اور آ نے والا مستقبل، اسلامی نظام کا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت منعقدہ ایک روزہ دعوتی وتبلیغی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے جبکہ حکومت اسلامی کا قیام اور اللہ کے دین کو قائم کرنا قرآن کا مقصد ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں، ہم بنکوں میں سود سے پاک نظام چاہتے ہیں اور ہم حکومت میں امریکہ کے ایجنڈوں کے بجائے عاشقان مصطفیٰ چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج ہر طرف غربت ناچتی نظر آرہی ہے، مزدور کو اس کی مزدوری نہیں ملتی جبکہ تبدیلی صرف وزیروں اور مشیروں کے بنک اکاونٹ میں آئی ہے۔
بے روزگاری اور بدامنی کراچی کی پہچان بن گئی ہے، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ 15 ماہ صرف جھوٹے وعدے اور دعوے دھرے کے دھرے ہیں ، تبدیلی کے نام پر حکومت لائی گئی۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ایوانوں میں ایک عوامی مسئلے کی بات نہیں کی جاتی، عوام کے پیسوں سے گھنٹوں میٹنگز کی جاتی ہیں اور لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وفاق، صوبے اور کراچی کی انتظامیہ کے آپس کے جھگڑوں نے شہر کو کچرا کنڈی بنادیا ہے، وزیراعظم دورے اور اعلانات کرتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا تھا کہ کراچی کی صنعت و تجارت کا پہیہ جام ہے اور سرمایہ کار اپنا کاروبار سمیٹ کر باہر منتقل ہورہے ہیں جبکہ کوڑے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کا بسیرا کراچی کی انتظامیہ کا منہ چڑا رہاہے ۔
اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا تھا کہ ملک کا مسلسل دوسرا صدر کراچی سے تعلق رکھتا ہے، لیکن شہر کی حالت میں آج تک بہتری نہیں آئی ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News