آسٹریلیا بش فائر: سرینا ولیمز نے فائر فائٹرز کیلئے لباس عطیہ کردیا
آسٹریلیا میں آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف رضاکاروں کے لیے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے رواں سال کے پہلے ٹورنامنٹ میں دستخط شدہ لباس عطیہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی نامور ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کے لباس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ سے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے فائر فائٹرز کے فنڈز میں استعمال کی جائے گی۔
23 بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن سرینا ولیمز نے کہا کہ آسٹریلیا میں میرے بہت سے دوست چاروں طرف سے افسوسناک صورتحال میں گھرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں روزانہ ان سے پوچھتی رہتی ہوں کہ میں ان کے لیے کیا کرسکتی ہوں۔
کرس گیل نے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دے دیا
واضح رہے کہ سرینا ولیمز ان دنوں خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل 35ویں آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کے ہمراہ شریک ہیں۔
سرینا ولیمز اور کیرولین ووزنیاکی آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں جہاں ان کا مقابلہ بیلجیئم کی جوڑی سے ہوگا۔
دوسری جانب آسٹریلین کرکٹ اسٹار شین وارن نے بھی اپنی ٹیسٹ کیپ 10 لاکھ 7 ہزار 5 سو ڈالرز میں نیلام کرکے رقم ریڈ کراس کی جانب سے ’بش فائر فنڈ‘میں جمع کروادی ہے۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں شین وارن نے نیلامی میں حصہ لینے والوں اور بالخصوص کامیاب بولی لگانے والے شخص کا شکریہ ادا کیا ۔
شین وارن نے نیلامی کی کامیاب بولی لگانے والے شخص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی سخاوت سے بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور یہ میری توقعات سے بالاتر ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر لگی آتشزدگی کے باعث اب تک 27 افراد اور ایک ارب کے قریب چرند پرند ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ جنگلات میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2000 گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
