ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہرجماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے،ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ براہ راست حکومت کو نہیں بھیجا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف قیادت ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے،ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہاکہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ کراچی کو دنیا کے بہترین شہروں کی طرح سہولیات دینی ہیں اور عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ماضی میں معیشت مشکلات کا شکار تھی، معیشت میں بہتری سے پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہےاور کراچی کے مینڈیٹ کے ساتھ تحریک انصاف، انصاف کرے گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا اعلان
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ ہم نے جس تعاون کا حکومت سے وعدہ کیا تھا وہ کرتے رہیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے پریس کا نفرنس کے دوران یہ بھی کہا تھا کہ ایم کیو ایم اس وقت نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑتے ہو ئے کہا کہ ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
سربراہ ایم کیو ایم نے مزید کہا تھا کہ ایسی صورتِ حال میں میرے لیے مشکل ہو جاتا ہے کہ میں حکومت میں بیٹھا رہوں، میرا وزارت میں بیٹھنا بہت سارے سوالات کوجنم دیتا ہے، میرا اب وفاقی کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے، تاہم ہم حکومت سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News