وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں ایک قومی پالیسی کو اپنانا ہے، ہم صوبوں سے الگ نہیں ہیں اور صوبے ہم سے الگ نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وباءسے بچاﺅ کے حو الے سے ایک بیان میں کہا کہ تمام صوبوں سے گزارش ہے کہ وہ الگ الگ فیصلے کرنے کی بجائے اپنی اپنی تجاویز نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے سامنے رکھیں جو اچھی اور قابل عمل تجاویز ہوںگی اور وفاقی حکومت ان پرغور بھی کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگ ابھی ذمہ داری کامظاہرہ نہیں کررہے اور صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ، حکومت جو ہدایات آپ کو دے رہی ہے وہ آپ کی بہتری کیلئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ابھی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر اس صورت حال کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھاتے رہیں گے
وزیرخارجہ نے یہ بھی کہاکہ سوشل ڈسٹنسنگ ہی اس وبا سے بچاو کا واحد راستہ ہے،وزیر اعلیٰ سندھ نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ تین دن کیلئے ازخود آئسولیش میں رہیں لیکن لوگوں نے اسے بھی سنجیدگی سے نہیں لیا جبکہ کل سکھر میں لوگ کوارنٹائین سینٹر سے احتجاج کرتے ہوئے باہر آ گئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین نے اس سے نمٹنے کیلئے ٹارگٹڈ اپروچ اپنائی مگر یہ مربوط حکمت عملی عوام کے تعاون سے ہی پروان چڑھی ،ہم لوگوں سے یہی اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اس صورت حال کی سنجیدگی کو سمجھیں کیونکہ دنیا کی صورت حال ہمارے سامنے ہے ہم غفلت کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔
وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا اس صدی کا سب سے بڑا وبائی چیلنج ہے، 12000 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں 188 ممالک اس وبا سے متاثر ہیں یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، ہمیں اس وقت انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنا ہو گا ،لیکن بدقسمتی سے لوگ ابھی تک اس صورت حال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔
چین کی طرح ہم بھی مشکل وقت سے نکل جائیں گے، وزیراعظم
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط حکمت عملی اپنانا ہو گی،چین سے ہم نے یہی سیکھا ہے کہ ایک مربوط حکمت عملی ضروری ہے اس لئے ہم نے قومی سطح پر ایک پلیٹ فارم بنایا ہے جس کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان خود کر رہے ہیں اور صوبے اور تمام اہم ادارے اس میں شامل ہیں جبکہ ہم. بین الاقوامی سطح پر بھی کاوشیں کر رہے ہیں
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایران کے حالات کے پیشِ نظر، انسانی ہمدردی کے تحت معاشی پابندیاں اٹھانے کی بات کی ہے جبکہ کل میری جرمنی کے وزیر خارجہ سے اس حوالے سے بات ہوئی انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ ایران پر پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے جی سیون وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں معاملہ اٹھائیں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ میں جی 7ممالک کے جتنے وزرائے خارجہ ہیں ان کو آج خط لکھ رہا ہوں جس میں پاکستان کی طرف سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ موجودہ عالمی وبا کو پیش نظر رکھتے ہوئے قرضوں کے تلے دبے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے وسائل اس وبا سے نمٹنے کیلئے استعمال کر سکیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
