
سندھ حکومت نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو تاحکم ثانی کراچی میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی تعینات کردیا گیا ہے۔
ضیا الرحمن کا تعلق پرووینشل منیجمنٹ سروس خیبر پختونخوا سے ہے، ضیا الرحمن کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کی گئی تھیں۔ انہیں فرحان غنی کی جگہ ڈی سی سینٹرل تعینات کیا گیا ہے۔
سابق ڈی سی سینٹرل فرحان غنی کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری سعید آفریدی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی اب خرچوں کے لیے ڈیزل کی ضرورت پڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کو ڈی سی سینٹرل تعینات کرنے کا مقصد اے پی سی کو کامیاب کرنا ہے۔ بنگلہ نمبر 22 اور کشمیر کی وزارت کے بعد اپوزیشن نے مولانا کو نوازنے کے نئے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں ۔
پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے عوام سمجھتے ہیں۔سندھ حکومت اپنے ڈی سیز کی کارکردگی سے مکمل مایوس ہوگئی ہے۔
سعید آفریدی نے کہا کہ آبادی کے اعتبار سے ضلع وسطی کراچی کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ہمیں ڈر ہے نئے ڈی سی ضلع وسطی کا حال بھی بے حال نہ کردیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News