
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی جبکہ ورکنگ ریلیشن کے امور بھی زیربحث آئے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤ ں نے عزم کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا جبکہ قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم سب پر اداروں کا احترام ضروری ہے، مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے جبکہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اتحادی جماعت سے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں ، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔
ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں جبکہ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے یہ بھی کہا کہ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے لہذا اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی کا ناٹک ناکام رہا جبکہ ہم عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں چیرمین منصوبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی ، رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی بھی شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News