وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑنا مضحکہ خیز بیان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑا جا رہا ہے تو بیگم صفدر اعوان بتائیں، گزشتہ چھ ماہ میں شہباز شریف سمیت کتنے لیگی رہنماؤں نے گلگت بلتستان کے دورے کیے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک خاندان کے ذریعے ملک چلانے والے آج پاکستان کو ون پارٹی ریاست بنائے جانے کی بات کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی درمیانی چپقلش خالی بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی۔
فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے احتساب کو بڑے آرام سے ذاتی و سیاسی انتقام کا نام دے دیا، انہیں شاید رمضان شوگر ملز میں گرفتار ڈیڑھ درجن ملزمان اور وعدہ معاف گواہان کا علم نہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ آج بیگم صفدر اعوان نے نیب تفتیش، کرپشن کی تفصیلات کو نہ بیان کر کے گرفتاری کو سیاسی رنگ دیا۔
فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ نے احتساب سے بچنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرنے کی کوشش کی جبکہ گزشتہ گرفتاری کے وقت بھی شہباز شریف اپنے گھر میں دبک کر بیٹھ گئے تھے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم صفدر اعوان نے آج حکومت کو اے پی سی سے ڈرانے کی ناکام کوشش کی جبکہ عوام ایسی بیسیوں اور اے پی سی کی ناکامی اور رسوائی پہلے بھی دیکھ چکی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
