
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا عالمی وبا کے معاشی مضمرات کو کم کرنے اور معاشی استحکام کے حصول کیلئے ہمیں مزید محنت درکار ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے دوسرے اعلی سطح کا اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں شریک سفراء نے معاشی سفارت کاری کے طے کردہ اہداف کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیرخارجہ نے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے سفراء کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے “معاشی سفارت کاری” کا عملی طور پر آغاز کیا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ معاشی سفارت کاری کی ضرورت اور اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے، ہم نے وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری نبیل منیر کی سربراہی میں معاشی سفارت کاری ڈویژن قائم کر دی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے سفارت خانے معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ہم نے گذشتہ سال،وزارتِ تجارت کے ساتھ ملکر، وزارتِ خارجہ میں “انگیج افریقہ” کانفرنس کا انعقاد کیا جبکہ اسی ضمن میں ہم نے وزارت تجارت کے تعاون سے 30 اور 31 جنوری 2020 کو نیروبی میں “پہلی پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلمنٹ کانفرنس” کا کامیابی سے انعقاد کیا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ ایک مستحکم خارجہ پالیسی کیلئے ملکی معیشت کا استحکام ناگزیر ہے ، ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ اپنی تجارت اور ایکسپورٹ کے حجم کو بڑھانا ہوگا۔
اجلاس میں واشنگٹن، ٹوکیو، ہیگ، تنزانیہ، سنگاپور، شنگھائی، سیول،پریٹوریا،اوسلو، پیرس، نیروبی، میکسیکو،لاس اینجلس اور کوالالمپور، میں تعینات پاکستانی سفراء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ مختلف ممالک میں قائم تیرہ پاکستانی سفارتخانوں کے سفراء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News