
پاکستان نے ترکی کو زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بجھوانے پیشکش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ زاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولوت چاؤش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں آنے ولے شدید زلزلے اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکی میں آنے والے زلزلے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکٹرسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.6 تھی جس میں اب تک 24 افراد کے جاں بحق جبکہ 804 افراد کے زخمی ہونے اور 17 سے زائد عمارت کے زمیں بوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو نہیں بھولے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمہ قسم کی معاونت کے لیے تیار ہیں ۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بجھوانے کی پیشکش بھی کی۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اولو نے امداد کی فراہمی کی پیشکش اور نیک تمناؤں کے اظہار پر اپنی قیادت کی طرف سے صدر پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مادی معاونت کی ضرورت نہیں تاہم اگر ایسی کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی اس پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News