
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فارن پالیسی پہلی دفاعی لائن ہے جبکہ آج پاکستان کو مسائل کی جڑ نہیں بلکہ مسائل کا حل سمجھا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں میڈیا سینٹر کے افتتاح کے موقعے پر صحافیوں سے خطاب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیکورٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی اور بحالی کیلیے معاشی سفارت کاری کا بھی آغاز کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ سے منسلک صحافیوں کو مصدقہ خبر کیلیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے جبکہ وزارت خارجہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سفارتی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے انتہائی مکاری سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑ دیا تاکہ مظلوم کشمیریوں کو دہشت گرد بتایا جائے ہم نے اس جھوٹے بیانیہ کو رد کیا اور حقائق دنیا کے سامنے رکھے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دنیا کو باور کروایا کہ ہم نہ صرف دہشت گردی کا نشانہ بنے بلکہ ہم نے اس عفریت کو شکست دی اب دنیا بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو سننا پسند نہیں کرتی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزارتِ خارجہ کے افسران نے آج کی صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے اور آئندہ کے منظرنامے کا سوچنا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے افسران کو بہترین تربیت سمیت مختلف اداروں کی بہتری کیلیے اقدامات کیے ہیں اور وزارت خارجہ میں بہترین سہولیات سے آراستہ میڈیا سینٹر کا قیام وزیر خارجہ کے وژن ایف او کا حصہ ہے۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری سمیت وزارت خارجہ کے افسران بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News