 
                                                                              وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرِصدارت پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کو آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلاننگ اور ماحولیاتی مطالعہ کے ضمن بین الاقوامی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں دلچسپی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین راوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی اور جزائر پر بسائے جانے والے شہر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرسبز شہر کے اصولوں کے عین مطابق بنائے جائینگے جبکہ تعمیرات کیلئے 18600 ایکڑ اراضی کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی آبادی کو بے دخل کرنے یا کہیں اورمنتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، راوی سٹی منصوبہ نکاسی آب، زیرِ زمین پانی کے ذخائر کی دستیابی و حفاظت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے خطے میں قابلِ تقلید نمونہ ثابت ہوگا۔
چیئرمین پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وزیرِاعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ منصوبے قرض کی بجائے شراکت داری کی بنیاد پر بنائے جارہے ہیں جبکہ سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی ادارے و سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی سمندری پٹی سیاحت اور بین الاقوامی معیار کی شہری تعمیرات کیلئے موزوں ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کے ان گنت مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ منصوبے مقامی صنعتوں کی ترقی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرنے کا باعث بنیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور جیسے بڑے شہر پر آبادی کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اربن پلاننگ کی نئی جہتیں متعارف کرائے گا جبکہ ان بڑے منصوبوں سے ملکی معیشت اور عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 