
حکومت سندھ کی خاموشی ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہی،سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں کتے کاٹنے سے گزشتہ سال 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے،گزشتہ سال سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 25 افراد جان سے گئے۔
کراچی میں واقع سندھ کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 12 افراد میں ریبیز کی تشخیص ہوئی جو دوران علاج دم توڑ گئے۔
جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں سال ریبیز کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، خیرپور کے رہائشی 34 سالہ رمز علی میں ریبیز کی تشخیص ہوئی اور متاثرہ شخص کوتشویشناک صورتحال میں اسپتال لایا گیا تھا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو تین ماہ قبل کتے نے پیر پر کاٹا تھااوراینٹی ریبیز انجیکشن کا کورس مکمل نہ کروانے کے باعث ریبیز کا شکار ہوا۔
2019 میں سندھ میں ایک لاکھ 86 ہزار شہری کتے کے کاٹنے سے متاثر ہوئے تھے اور تعدادمیں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن سندھ حکومت کی جانب سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات تاحال نہیں کئے جا سکے۔
گزشتہ سال کراچی میں 24 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور رواں برس 3 ہزار سے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
گزشتہ سال جناح اسپتال میں 8 ہزار 4 سو67 کتوں کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 7 ہزار 887 کیسز سول اسپتال،6 ہزار کیسز انڈس اسپتال،ایک ہزار 6 سو 14شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹرامہ سینٹر میں رپورٹ ہوئے اور 6 سو سے زائد کیسز کراچی کے ضلعی اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرمیں رپورٹ ہوئے۔
گزشتہ سال سندھ حکومت نے اوارہ کتوں کی آبادی کی روک تھام کے لئے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی تھی تاہم عالمی وباء کورونا وائرس کا گزشتہ سال فروری میں پہلا کیس رپورٹ ہونے پر حکومتی توجہ کورونا وائرس کے کیسز کو روکنے کے لئے لگی رہی۔
عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز پر سندھ میں کسی حد تک تو قابو پا لیا گیا ہے تاہم کتوں کے کاٹنے کے واقعات روک تھام کے لئے تاحال اقدامات نہیں کئے جا سکے۔
محکمہ صحت سندھ سے حاصل تفصیلات کے مطابق ہر مہینے 15 ہزار سے زائد کیسز ٹیچنگ اسپتال اورضلعی ہیلتھ فیسلیٹی سینٹر میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News