
قیدیوں کو ان کی بیویوں کے ساتھ جیل کے فیملی ہومز میں رہنے کی اجازت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے پنجاب کی جیلوں میں قید افراد کو ان کی بیویوں کے ساتھ جیل کے فیملی ہومز میں رہنے کی اجازت دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیوی کو قیدی خاوند کے ساتھ ہر تین ماہ بعد 3 روز تک رہنے کی اجازت ہو گی جبکہ قیدی کا 5 سال تک کا بچہ بھی اس دوران والدین کے ساتھ رہ سکے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیملی ہومز میں رہنے کے لیے قیدی یا اس کی بیوی کو درخواست دینا ہو گی جس پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر نکاح نامے کی تصدیق کے بعد فیملی ہومز کے استعمال کی اجازت دے گا ۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قیدی کو اپنی بیوی کے ساتھ رہنے کے حکمنامے پر عملدرآمد فوری طور پر ہو گا جبکہ فیملی ہومز صرف سزا یافتہ قیدی استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ جیلوں میں تیار کیے گئے فیملی ہومز میں ایک کمرہ، کچن اور باتھ روم کی سہولت موجود ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ فیصل آباد، ملتان اور لاہور میں فیملی ہومز تیار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News