
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے امید نہیں تھی کہ وہ باپ کو باپ بنائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کی قیادت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں، ہمیں پاکستان کی سیاست اور جمہوریت بہت عزیز ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل بہت زیادہ ہیں ہم ملک کی بقاء کے لئے جنگ لڑرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے استعفوں اور پی ڈی ایم کی صورتِ حال پر مشاورت کی گئی ہے۔
اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایک انتظامی ڈھانچہ ہے، ہمارے اکثر فیصلے اتفاق رائے سے سامنے آئے ہیں۔ سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور اپوزیشن لیڈر کے لیے امیدواروں کا تعین اتفاقِ رائے سے ہوا ہے، کئی بار ایسا بھی ہوا کہ مسئلے کا حل نہیں نکلا لیکن جتنا حل نکلا ہم وہ سامنے لائے ہیں ۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سنجیدہ مقاصد کے لئے اتحاد ہے، یہ اس لیے نہیں کہ ہم کسی عہدے کے لئے لڑیں، ہم نے بہت مشکل مراحل عبور کیے ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے فیصلے رمضان میں کر لے گی، پی ڈی ایم کی تحریک کی رفتار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، اس کی رفتار اور آگے بڑھنے میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنے دوستوں کو واپس لانے کے لئے ہم نے ان کا انتظار کیا ہے اور اب بھی کریں گے، ہم نے بیان بازی میں بالکل نہیں الجھنا، یہ ہمارا آخری بیان ہے، ہمیں توقع ہی نہیں تھی کہ وہ باپ کو باپ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے، اس لیے ہم اپنے گھر کا فائدہ نقصان مدِنظر رکھ کر فیصلے نہیں کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ انہوں نے پی ڈی ایم سے علیحد گی کا اعلان کر دیا ہے اور اپنے آپ کو علیحدہ کر لیا ہے، پیپلز پارٹی اور اے این پی نے اپنے استعفے ہمیں بھیج دیئے ہیں، ہم پھر بھی کوشش کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپنے فیصلوں پر نظرِثانی کرے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے بھیجے گئے استعفوں کو التواء میں ڈال رہا ہوں، قوم ایک مقصد رکھتی ہے اور قوم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑی ہو گی۔
اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، میر طاہر بزنجو، آفتاب شیر پاو احسن اقبال اور دیگر پی ڈی ایم رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News