ایف بی آر کی ماہ اپریل میں بلند ترین محصولات کے حجم کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
رواں مالی سال کے دس ماہ میں 14 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔
ایف بی آر نے جولائی تا اپریل 3780 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو کہ اس عرصے کے مقرر کردہ ہدف 3637 ارب روپے سے 143 ارب زائد ہے۔
حکام ایف بی آر نے کہا کہ پچھلے سال اس عرصے کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو 3320 ارب روپے کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ایف بی آر نے ماہ اپریل کے اعدادو شمار بھی جاری کر دیئے ہیں ۔
ماہ اپریل میں ریونیو نیٹ کلیکشن 384 ارب روپے رہا جبکہ مطلوبہ اضافہ 242 ارب روپے تھا۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ مقرر کردہ ہدف کے مقابلے میں 159 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے جبکہ پچھلے سال اپریل کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو میں 240 ارب روپے کے مقابلے میں 57 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے یہ بھی کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اپریل کے ماہ میں 57 فیصد اضافہ تاریخی ہے جو کہ مارچ میں حاصل کردہ 46 فیصد اضافے سے بھی زائد ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں گراس ریونیو پچھلے سال کے 3438 ارب روپے کے مقابلے میں 3976 ارب روپے رہا ہے جبکہ 16 فیصد اضافہ بھی حاصل ہوا ہے۔
رواں مالی سال میں اب تک 195 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جو کہ پچھلے سال سے اس عرصے میں 118 ارب روپے تھے۔
حکام ایف بی آر کے مطابق اس سال اب تک ریفنڈز کے اجراء میں 65 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے جبکہ ایف بی آر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے لئے بھر پور کوششیں کر رہا ہے ،ان کوششوں کے باعث مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
یکم مئی 2021 تک ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد29 لاکھ ہو چکی ہے جو کہ پچھلے سال اس عرصے تک26 لاکھ تھی ۔
ٹیکس گوشوارں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 50.6 ارب روپے رہا ہے جو کہ پچھلے سال اس عرصے میں 33.1 ارب روپے تھا اور اس طرح اس سال ٹیکس ادائیگی میں53 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 10583 سیل مشینیں پوائینٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کی جا چکی ہیں۔
پاکستان کسٹمز نے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 606 ارب روپے کی کسٹمز ڈیوٹی حاصل کی جبکہ مقرر کردہ ہدف 507 ارب روپے تھا، اس طرح ہدف سے 99 ارب روپے اور 20 فیصد زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے۔
رواں مالی سال اپریل کے ماہ میں 65 ارب روپے کی کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے جبکہ مقرر کردہ ہدف 59 ارب روپے تھا، اس طرح 10 فیصد زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے۔
حکام ایف بی آرنے کہا کہ یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال میں 88 ارب روپے سے زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے جو کہ 17 فیصد سے زائد ہے حالانکہ کورونا کے باعث معاشی سست روی بھی جاری ہے۔
رواں مالی سال اپریل کے ماہ میں 4.54 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی ہے جبکہ پچھلے سال اپریل میں 3.43 ارب روپے کی اشیاء ضبط ہوئی تھی ،ضبط شدہ اشیاء میں 32 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
حکام ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 48.55 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں جو کہ پچھلے سال 31 ارب روپے کی تھی اس طرح ضبطگی میں 56 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News