
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود مسجد اقصیٰ پر دستی بموں سے حملے کر کے اپنی بدنیتی واضح کر چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کر کے اسرائیل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کا جشن منانے والے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کر کے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز نے پیش قدمی کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام عالم نیتن یاہو سے جواب طلب کریں کہ اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید ہونے والے 66 بچوں اور 39 عورتوں کا کیا قصور تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 243 فلسطینیوں کی شہادت اور دو ہزار افراد کا زخمی ہونا انسانی المیہ ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح فلسطین کے مظلوم انسانوں کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے عہد کو نبھا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News